کراچی (پ ر) تحریک پاکستان میں اسلام اور اردو زبان کا اہم کردار رہا۔ اسی لیے قائداعظم محمد علی جناح نے قیام پاکستان کے بعد اسلامی نظام اور نفاذ اردو پر سب سے زیادہ زور دیا۔ یہ بات یوم آزادی کے موقع پر قائداعظم اکادمی میں ’’تحریک پاکستان میں اردو کا کردار‘‘ کے عنوان سے منعقدہ ایک تقریب سے خطاب میں جامعہ کے شعبہ ابلاغ عامہ کے سابق سربراہ اور ممتاز محقق ڈاکٹر طاہر مسعود نے کہی۔ ان کا کہنا تھا کہ قومی زبان کے طور پر اردو کے نفاذ میں تاخیر کا سبب دراصل ہماری مخلوط ثقافتی صورتحال رہی اور بدقسمتی سے اسے سیاسی مسئلہ بنادیا گیا۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ اردو کے عملی نفاذ کیلئے عوامی اور سرکاری سطح پر سنجیدگی سے کوششیں کی جائیں۔ تقریب سے معروف شاعر فراست رضوی ، خواجہ رضی حیدر و دیگر نے بھی خطاب کیا۔