قومی اسمبلی میں وزیراعظم کا انتخاب آج ہوگا-عمران کی جیت یقینی

اسلام آباد(بیورورپورٹ/مانیٹرنگ ڈیسک)قومی اسمبلی میں قائد ایوان کے لیے عمران خان اور شہباز شریف کے کاغذات نامزدگی منظور کرلیے گئے ہیں۔قومی اسمبلی میں آج نئے قائد ایوان کا انتخاب ہوگا، انتخابی شیڈول کے تحت قائد ایوان کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کے لیے جمعرات کی دوپہر 2 بجے تک کا وقت مقرر کیا گیا تھا،وقت مقررہ تک عمران خان اور شہباز شریف کے علاوہ کسی نے کاغذات نامزدگی جمع نہیں کرائے تھے۔ دونوں کے کاغذات نامزدگی جانچ پڑتال کے بعد منظور کرلیے گئے ہیں۔ قومی اسمبلی میں تحریک انصاف کو اپنے اتحادیوں کی بدولت سادہ اکثریت حاصل ہے اس لئے عمران خان کا انتخاب یقینی ہے ، ایوان زیریں میں موجودہ پارٹی پوزیشن کو دیکھا جائے تو 152 نشستیں تحریک انصاف کے پاس ہیں جبکہ سابق حکمران جماعت پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ایوان میں 81 نشستیں ہیں۔ پیپلز پارٹی کی 54 نشستیں، متحدہ مجلس عمل 15 ، متحدہ قومی مومنٹ 7 ، بلوچستان عوامی پارٹی 5، بی این پی مینگل 4، مسلم لیگ ق 3، جی ڈی اے کی 3، عوامی مسلم لیگ، جمہوری وطن پارٹی اور عوامی نیشنل پارٹی کی ایک ایک نشست ہے جبکہ 4 نشستیں آزاد امیدواروں کے پاس ہیں۔تحریک انصاف اور اس کے اتحادیوں کی ایوان میں عددی قوت 176بنتی ہے۔چار آزاد امیدواروں کا جھکاو بھی تحریک انصاف کی جانب ہوسکتا ہے، اگر ایسا ہوا تو پی ٹی آئی وزارت عظمیٰ کے لیے 180 ارکان کی حمایت حاصل کرسکتی ہے۔

Comments (0)
Add Comment