منی چینجر کی گاڑی سے 60 لاکھ لوٹ لوٹ لئے گئے

کراچی (اسٹاف رپورٹر) فیروز آبادمیں منی چینجر کی گاڑی سے ملزمان 60 لاکھ روپے چھیننے کے بعد گارڈ کا اسلحہ بھی لے کر فرار ہوگئے، جبکہ لانڈھی اور جناح اسپتال کے قریب 2 وارداتوں میں بینک سے رقم لے کر نکلنے والے 2 شہریوں سے ملزمان 6 لاکھ روپے سے زائد رقم لوٹ کر فرار ہوگئے، ملزمان نے مزاحمت پر ایک شہری کو بھی زخمی کردیا ۔ تفصیلات کے مطابق عید الاضحیٰ کے قریب آتے ہی ملزمان نے بھی بینک سے قربانی کے جانور خریدنے کیلئے رقم نکالنے والے شہریوں کو لوٹنا شروع کردیا ہے ، جمعرات کے روزفیروز آباد کے علاقے واقع ڈیپارٹمنٹل اسٹور کے قریب نامعلوم ملزمان شہری سے 60لاکھ روپے اور سیکورٹی گارڈ کا اسلحہ چھین کر فرار ہوگئے۔ ایس ایچ او اورنگزیب خٹک نے ’’امت‘‘ کو بتایا کہ منی ایکسچینج کمپنی کا ملازم ظہور خان منی ایکسچینج کمپنی کی گاڑی میں گارڈ کے ساتھ کیش لے کر فیروز آباد کے علاقے میں واقع ناہید سپر اسٹور کے سامنے پہنچا تو مسلح ملزمان نے گارڈ سے اسلحہ اور 60لاکھ روپے چھین کر فرارہوگئے ،پولیس نے گارڈ کو حراست میں لے کر واقعہ کا مقدمہ درج کرلیا ہے ۔دوسری جانب آئی جی سندھ امجدجاوید سلیمی نے ڈی آئی جی ایسٹ وڈی آئی جی سی آئی اے سے واردات پر رپورٹ طلب کرلی ہے۔دریں اثنا لانڈھی کے علاقے لانڈھی نمبر 3اسماعیل گوٹھ کے قریب بینک سے رقم لے کر نکلنے والے 30سالہ گلبہار ولد مشتاق کو مزاحمت پر موٹر سائیکل سوار ملزمان نے گولی مارکر زخمی کردیا اور رقم چھین کر فرار ہوگئے ۔ایس ایچ او لانڈھی شہزاد کا کہنا ہے کہ مضروب بینک سے ایک لاکھ 15ہزار روپے لے کر نکلا تھا کہ ملزمان نے پیچھا کرنے کے بعد مذکورہ مقام پر روک کر لو ٹ مار کرنے کی کوشش کی اور مزاحمت کرنے پر ملزمان نے فائرنگ کردی ۔ادھر صدر کے علاقے لکی اسٹار سے جناح اسپتال جانے والے پل پر موٹر سائیکل سوار دو ملزمان شہری سے 5لاکھ روپے چھین کر فرار ہوگئے ۔ سب انسپکٹر طاہر مشتاق نے بتایا کہ سیف اللہ نامی شخص میٹروپول روڈ کے قریب نجی بینک سے پانچ لاکھ روپے نکالنے کے بعد اپنے موزوں میں رکھ کر مذکورہ مقام پر پہنچا تو ایک موٹر سائیکل پر سوار دو نامعلوم ملزمان نے اسلحہ کے زور پر موزوں میں چھپائی رقم نکالی اور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے ، پولیس نے ملزمان کی تلاش شروع کردی ہے۔

Comments (0)
Add Comment