لیاری میں زاہد لاڈلہ گروپ کے روپوش کارندے نکل آئے

کراچی(اسٹاف رپورٹر)لیاری کے مختلف علاقوں میں گینگ وار کارندوں نے انٹری دیدی۔زاہد لاڈلہ گروپ کے مسلح کارندے ٹولیوں کی شکل میں گشت کرتے نظر آئے، جس کے باعث عوام میں خوف و ہراس پھیل گیا۔کلاکوٹ میں پولیس مقابلے کے دوران گینگ وار کا کارندہ زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا۔تفصیلات کے مطابق لیاری میں گینگ وار کے روپوش کارندے چاکیواڑہ اور بغدادی پہنچ گئے۔چاکیواڑہ اور بغدادی کے مختلف علاقوں دبئی چوک، پھول پتی لین، علی احمد محلہ، بہار کالونی، رانگی واڑہ اور اطراف کی گلیوں میں گینگ وار زاہد لاڈلہ گروپ کے روپوش مسلح کارندے منظر عام پر آگئے۔گینگ وار کے مسلح کارندے مذکورہ علاقوں میں مختلف ٹولیوں کی شکل میں گشت کرتے ہوئے دکھائی دیے۔گینگ وار دہشت گردوں کی واپسی عوام میں خوف و ہراس پھیل گیا۔علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ لیاری آپریشن میں نرمی کے بعد گینگ وار کارندوں نے ایک بار پھر لیاری کا رخ کرلیا ہے ۔ کارندوں نے پاک کالونی کے علاقے جہان آباد میوہ شاہ قبرستان کو اپنا ہیڈ کوارٹر بنا رکھا ہے۔قانون نافذ کرنے والے ادارے کارروائی سے گریز کر رہے ہیں۔علاوہ ازیں کلاکوٹ تھانہ کی پولیس نے چاکیواڑہ ناگمان مسجد والی گلی کے قریب مقابلے کے بعد ملزم صغیر احمد عرف صغیر کشمیری ولد محمد بشیر کو زخمی حالت میں گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا۔پولیس کے مطابق ملزم کا تعلق لیاری گینگ وار سے ہے۔اس کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔

Comments (0)
Add Comment