نواز شریف کی سزا کیخلاف اپیل میں التوا مانگنے پر نیب کو جرمانہ

اسلام آباد(نمائندہ خصوصی )سابق وزیراعظم میاں نوازشریف ودیگرکی ایون فیلڈ ریفرنس میں سزامعطلی کیلئے درخواستوں کی سماعت کے دوران قومی احتساب بیوروکے پراسیکیوٹرعدم تیاری کی وجہ سے دلائل مکمل نہ کرسکے ،عدالت عالیہ کوفیصلہ پیر کودلائل مکمل ہونے تک موخرکرناپڑا، عدالت نے نیب پراسیکیوٹرکوپیرکودلائل مکمل کرنیکاحکم دیتے ہوئے نیب کوعدالتی وقت ضائع کرنے پر10 ہزاررو پے جرمانہ کر دیا۔عدالت نے نوازشریف،مریم نواز،کیپٹن صفدرکی سزامعطلی کی درخواستوں پرسماعت پیرتک ملتوی کر دی۔نوازشریف ودیگرکی سزامعطلی کیلئے درخواستوں پرسماعت اسلام آباد ہائیکورٹ میں ہوئی۔اس موقع پر نیب پراسیکیوٹرسردارمظفرنے سماعت ملتوی کرنے کی استدعا کر تے ہوئے موقف اپنا یا کہ پیرکوکیس مکمل ہوجائیگا۔جس پر جسٹس گل حسن نے ریمارکس دیئے کہ آپ کس بات پرسماعت ملتوی کرنیکی استدعا کررہے ہیں؟ میری 18 سال کی پریکٹس میں ایسی کوئی مثال موجودنہیں۔جسٹس اطہرمن اللہ نے پراسیکیوٹرسے استفسارکیا کہ کیانیب آپ پراعتمادنہیں کررہی؟جس پرنیب پراسیکیوٹرسردارمظفر نے موقف اپنایاکہ میں نے مجازاتھارٹی سے ہدایات لینی ہیں، مجھے دفتر سے ہدایت لیناہو گی،مجھے پوچھناہوگاکیس جاری رکھ سکتاہوں یانہیں؟۔جسٹس گل حسن نے ریمارکس دیئے کہ وقت ضائع کرنے پرآپ کوجرمانہ کرنیکاسوچ رہے ہیں، واضح بات یہ ہے کہ آج آپ دلائل نہیں دیناچاہتے۔امجدپرویز نے کہا کہ ڈی جی نیب کوطلب کرلیں تاکہ واضح موقف بیان کرسکیں،جسٹس اطہرمن اللہ کا کہنا تھا کہ ڈی جی نیب کوطلب کرلیتے ہیں۔نیب پراسیکیوٹر نے عدالت کو آگاہ کیا کہ ڈی جی نیب کیس کے سلسلے میں مصروف ہیں۔جسٹس اطہرمن اللہ نے خواجہ حارث سے مکالمہ کرتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ آپ کوپتا ہے7سے10سال قیدمیں سزامعطلی مشکل سے ہوتی ہے،جب تک ایک مدت گزرنہ چکی ہوسزامعطلی کی درخواستیں توسنی بھی نہیں جاتیں ،ہم روزکی بنیادپردرخواست سن رہے ہیں دوسرے مقدمات میں ایسانہیں ہوتا،نیب پراسیکیوٹرکوتیاری کے لئے وقت چاہیے آخری موقع دے دیتے ہیں۔جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے نیب پراسیکیوٹر سے استفسار کرتے ہوئے کہا کہ آرڈرمیں نیب کوالتوا دینے کی وجہ کیالکھیں؟ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل نیب نے موقف اپنایا کہ درخواستیں17جولائی سے زیرسماعت ہیں۔جسٹس اطہر من اللہ نے ریمارکس دیئے کہ ہم نیب کی تحریری کمنٹس داخل کرنیکی درخواست منظورکررہے ہیں،ہفتے کی شام تک تحریری کمنٹس کی ایڈوانس کاپی دوسرے فریق کوفراہم کر دیں۔ہائیکورٹ نے عدالتی حکم کے باوجوددلائل نہ دینے پرنیب کو 10 ہزارروپے جرمانہ کرتے ہوئے نیب پراسیکیوٹرکوپیرکودلائل مکمل کرنے کاحکم دے دیا۔اسلام آباد ہائیکورٹ نے نوازشریف،مریم نواز،کیپٹن صفدرکی سزامعطلی کی درخواستوں پرسماعت پیرتک ملتوی کر دی۔دلائل مکمل نہ ہونے کی وجہ سے فیصلہ محفوظ کیے جانے اور جاری کرنے بارے معاملہ بھی موخر ہوگیا۔

Comments (0)
Add Comment