انور مجید کا 14 روزہ ریمانڈ مانگنے کی تیاری

کراچی(رپورٹ :عمران خان )منی لانڈرنگ کیس میں ایف آئی اے حکام اومنی گروپ کے گرفتار سربراہ انور مجید اور ان کے صاحبزادے اے کے مجید کو آج عدالت میں پیش کریں گے ،جہاں مزید تحقیقات کیلئے انہیں 14دن کے ریمانڈ پر دینے استدعا کی جائے گی۔منی لانڈرنگ کیس میں مرکزی ملزم اور سابق صدر آصف علی زرداری کے قریبی دوست انور مجید اور بیٹے عبدالغنی کو اسلام آباد سے گرفتار کرنے کے بعد ایف آئی اے کی ٹیم جمعرات کو کراچی لے کر پہنچی ،جہاں سے انہیں کراچی انٹر نیشنل ایئر پورٹ سے ایف آئی اے کمرشل بینکنگ سرکل میں منتقل کیا گیا ،جعلی بینک اکاؤنٹس اور منی لانڈرنگ کیس میں اب تک سامنے آنے والے ثبوت اور شواہد کی روشنی میں دونوں ملزمان سے جے آئی ٹی کے ارکان نے تحقیقات کیں ،جس کے بعد جے آئی ٹی کے ممبران ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے ساؤتھ نجف قلی مرزا کے کمرے میں اہم میٹنگ کے لئے جس میں نجف مرزا کے علاوہ ایڈیشنل ڈائریکٹر اسلام شیخ ، ایڈیشنل ڈائریکٹر عبدالحمید کھوسو،ایڈیشنل ڈائریکٹر یونس چانڈیو ،ڈپٹی ڈائریکٹر علی مردان شریک ہوئے،اس سے قبل انور مجید اور ان کے بیٹے عبدالغنی کو جب کراچی منتقل کیا گیا تو کراچی ایئر پورٹ پر اترنے کے بعد جب ایف آئی اے کی ٹیم ملزمان کو لے کر لاؤنج کی جانب آرہی تھی ،جہاں پر انہیں بیٹھانے کے لئے گاڑیاں تیار کھڑی تھیں تو ملزم عبدالغنی کو ائیر پورٹ پر مقدمے کی تفتیشی افسر اسسٹنٹ ڈائریکٹر علی ابڑونے ہتھکڑی پہنانے کی کوشش کی ،جس پر انور مجید نے تفتیشی افسر علی ابڑو کے ہاتھ میں موجود ہتھکڑی پر اپنی چھڑی ماری اور تفتیشی افسر کو مغلظات بکیں اور کہا کہ ہم کرمنل نہیں ،جو ہتھکڑی پہنیں گے، جس کے بعد تفتیشی افسر نے ہتھکڑی پہنانے کا فیصلہ فورا واپس لے لیا اور دونوں ملزمان کو لاونج سے باہر لے کر گاڑیوں میں ایف آئی اے کمرشل بینکنگ سرکل منتقل کردیا، تاہم ملزمان کو لاک اپ میں رکھنے کے بجائے ملزمان کو سرکل میں موجود ڈپٹی ڈائریکٹرکمرے میں منتقل کیا گیا ،جہاںانہیں ائیر کنڈیشن اور آرام دے بستر بھی فراہم کردئیے گئے۔ذرائع کے بقول کمرشل بینکنگ سرکل کے ڈپٹی ڈائریکٹر فیض اللہ کوریجو حج کی سعادت حاصل کرنے کے لئے 12اگست کو سعودی عرب روانہ ہوچکے ہیں اور ان کی غیر موجودگی میں کارپوریٹ کرائم سرکل کے ایڈیشنل ڈائریکٹر سلام شیخ کو کمرشل بینکنگ سرکل کا اضافی چارج سونپا گیا ہے۔ذرائع نے بتایا کہ اسٹیٹ بینک سرکل میں درج مقدمے میں گرفتارملزمان انور مجید اور ان کے بیٹے عبدالغنی مجید سے مزید تفتیش کرنے کے لئے آج(جمعہ کو) جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی کی عدالت میں پیش کیا جائے گا ،جہاں مجسٹریٹ سے تفتیش کے لئے ریمانڈ کی استدعا کی جائے گی۔تفتیش سے جڑے ذرائع کے مطابق کم سے کم 14روزہ ریمانڈ کی استدعا کی جائے گی ،جس کے ملنے کی قومی امید ہے ،تاہم کم از کم ابتدائی طور پر 7روزہ ریمانڈ ملنے کے یقین کا اظہار کیا جا رہا ہے ،جس میں بعد ازاں توسیع کی استدعا کی جائے گی ،تاہم حتمی فیصلہ عدالت ہی کو کرنا ہے۔

Comments (0)
Add Comment