پشاور میں خواجہ سرا قتل – لاش کے ٹکرے کر دیئے گئے

پشاور( نمائندہ امت)پشاور میں ایک اور خواجہ سرا کو بے دردی سے قتل کردیاگیا۔پولیس کے مطابق خواجہ سرا ساجد عرف نازو کو باڑہ گیٹ کے علاقے میں اس کی رہائش گاہ پر قتل کیا گیا ۔پولیس نے قتل کے شبہ میں 2افراد کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیاجبکہ عدالت نے دونوں ملزمان کو 2روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا ہے ۔تفصیلات کے مطابق پشاورمیں ایک اور خواجہ سرا کو بے دردی کے ساتھ قتل کردیاگیا ۔خواجہ سرا ساجد عرف نازو کو نامعلوم افراد نے نواحی علاقے باڑہ گیٹ پشتہ خرہ میں اس کی رہائش گاہ پر قتل کیا ۔ دوسری جانب خواجہ سرا کو قتل کرنے والے ملزمان کو میڈیا کے سامنے پیش کرنے کے موقع پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے ایس پی کینٹ پشاور وسیم ریاض نے کہا کہ گزشتہ شب ایک مشکو ک نوجوان جس کے ہاتھوں میں شاپنگ بیگ تھا کو روکا شاپنگ بیگ کو چیک کرنے پر اس سے انسانی اعضاء ٹکڑوں کی شکل میں بر آمد ہوئے جبکہ موقع پر گرفتار ملزمان محمد فاروق اوراس کے دوست صداقت ولد محمد ایوب کے قبضے سے آلہ قتل بھی برآمد کر لیا۔ گرفتار افراد کی نشاندہی پر خواجہ سرا کے جسم کے باقی اعضاء بر آمدکرنے کے ساتھ ساتھ ایک عدد پستول بمعہ میگزین اور 13عدد کارتوس بھی بر آمد کر لئے جبکہ ملزمان نے ابتدائی تفتیش میں انکشاف کیا کہ انہوں نے کلہاڑی اور دوسرے تیز دھار آلہ اراضیات میں چھپا دئیے ہیں۔ دونوں ملزمان کو فوری طور پر تفتیش کیلئے حوالات منتقل کر دیا گیاجبکہ خواجہ سرا کے قتل میں گرفتار ملزمان محمد فاروق اور صداقت کو عدالت نے 2روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا ہے ۔ دوسری جانب خواجہ سراوٴں کے حقوق کیلئے سرگرم تنظیم ٹرانس ایکشن پاکستان نے نازو کے قتل کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ 2015کے بعد سے خیبر پختونخوا میں یہ خواجہ سراوٴں کے قتل کا 62واں واقعہ ہے۔تنظیم کا مزید کہنا تھا کہ رواں برس اب تک خواجہ سراوٴں پر تشدد کے 478کیس ریکارڈ ہوچکے ہیں۔رواں ماہ کے آغاز میں بھی پشاور کے نواحی علاقے سربند میں نامعلوم افراد نے 3خواجہ سراؤں کو خنجر کے وار سے زخمی کر دیا تھاجبکہ اس سے قبل مارچ میں پشاور کے رِنگ روڈ پر نامعلوم موٹر سائیکل سواروں کی فائرنگ کے نتیجے میں رکشے میں سوار ایک خواجہ سرا اپنے ساتھی سمیت جاں بحق ہوگیا تھا۔ خواجہ سراؤں پر بڑھتے ہوئے حملوں کے واقعات کے بعد پشاورمیں خواجہ سراؤں میں شدید خوف و ہراس پایاجاتا ہے جبکہ خواجہ سراؤں کے حقوق کیلئے سرگرم تنظیم نے حکومت سمیت پولیس سے مطالبہ کیا ہے کہ خواجہ سراؤں کو تحفظ فراہم کرنے کیلئے اقدامات اٹھائے جائیں ۔

Comments (0)
Add Comment