بنوں/خیبر(نمائندگان امت)جنوبی وزیرستان کے ملا نظیرگروپ کے اہم کمانڈر عثمان افغانستان میں اپنے تین ساتھیوں سمیت جھڑپ میں مارے گئے ہیں جبکہ پغمان میں امریکی ڈرون حملے میں 2 داعشی کارندے ہلاک ہو گئے جبکہ جلال آباد میں افغان اہلکاروں نے مبینہ خودکش بمبار سمیت 7 شدت پسندوں کو گرفتار کر لیا ذرائع کے مطابق افغانستان کے صوبہ غزنی میں گزشتہ کئی دنوں سے طالبان اور اتحادی فورسز کے درمیان جھڑپیں جاری ہیں عثمان ملا نظیر گروپ کے اہم کمانڈر تھے اور کالوشاہ علاقے کی کمانڈ کرتے تھے گزشتہ روز افغان اور اتحادی فورسز کے ساتھ جھڑپ میں کمانڈر عثمان اور ان کے تین ساتھی حق نواز ساکن ہنگو،سلام ساکن ٹانک،راشد بدانی ساکن ایف آر ٹانک جنڈولہ مارے گئے ہیں ان کی تدفین افغانستان کے لمن میں کردی گئی ہے۔ادھرافغانستان کے ضلع پغمان میں داعش کے ٹھکانے پر امریکی ڈرون حملے میں 2داعش کارندے ہلاک جبکہ مرکز بھی تباہ ہوگیا۔صوبہ ننگرہار کے جلال آباد میں افغان اہلکاروں نے مبینہ خودکش بمبار سمیت 7شدت پسندوں کو گرفتار کر لیا ہے،ابتدائی تفتیش کے بعد گرفتار ملزمان نے اعتراف جرم بھی کرلیا ہے،تاہم ان سے مزید تفتیش جاری ہے،کسی گروپ کی جانب سے اس حوالے سے کوئی موقف سامنے نہیں آیا ہے۔