پشاور(نمائندہ امت)تحریک انصاف کے محمود خان نے خیبرپختون کے وزیراعلیٰ کی حیثیت سے حلف اٹھالیا۔ گورنر اقبال ظفر جھگڑا نے نومنتخب وزیراعلیٰ سے حلف لیا۔ حلف بردراری کی تقریب گورنر ہاوٴس پشاور میں ہوئی۔تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کے رہنماء اور سوات سے صوبائی اسمبلی کی نشست پر کامیابی حاصل کرنے والے محمود خان نے صوبے کے 28ویں وزیراعلیٰ کی حیثیت سے حلف اٹھا لیا ۔گورنرخیبرپختون انجینئراقبال ظفرجھگڑا نےگورنرہاؤس پشاورمیں منعقدہ ایک تقریب میں صوبے کے نئے وزیراعلی محمودخان سے ان کے عہدے کا حلف لیا۔ تقریب میں صوبائی اسمبلی کے سپیکر مشتاق غنی، اراکین پارلیمنٹ اور صوبے کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔بعد ازاں وزیراعلیٰ نے گورنرخیبرپختونخوا سے ملاقات بھی کی ۔ اس موقع پر گورنرنے محمودخان کو وزیراعلیٰ کی حیثیت سے ذمہ داریاں سنبھالنے پرمبارک باد پیش کی ۔ دوسری جانب تحریک انصاف کے پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ خیبرپختونخوا کابینہ میں وزراء کی شمولیت سے متعلق مشاورت بھی شروع کردی گئی ہے جس کی حتمی منظوری چیئرمین عمران خان دیں گے۔ پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ کابینہ میں زیادہ تر سابق وزراء کو شامل کرنے کا امکان ہے۔ اشتیاق ارمڑ، شاہ محمد خان، خلیق الرحمان، ضیاء اللہ بنگش اور تیمور سلیم جھگڑا کو وزیر بنائے جانے کا امکان ہے۔