اجتماعات جمعہ میں ہالینڈ کے خلاف مذمتی قراردادیں منظور

کراچی/اسلام آباد/حیدر آباد( اسٹاف رپورٹر/ نمائندگان امت) ہالینڈ میں گستاخانہ خاکوں کی نمائش کے اعلان کے خلاف ملک بھر کی مساجد میں جمعہ کے اجتماعات میں مذمتی قراردادیں منظور کی گئیں اور ناموس رسالت کی حفاظت کے لیے تن من دھن قربان کرنے کا عہد کیا گیا۔ جمعہ کے اجتماع سے خطاب کر تے ہو ئے امیر جماعۃ الدعوۃ پروفیسر حافظ محمد سعید کا کہنا تھا کہ اسلام کی پھیلتی ہوئی دعوت سے بوکھلا کر صلیبی و یہودی شان رسالتؐ میں گستاخیوں کا ارتکاب کر رہے ہیں۔ مسلمان ملک مغربی ممالک پر واضح کریں کہ گستاخیوں کا سلسلہ بند نہ کیا تو وہ ان کے ساتھ سفارتی تعلقات اور معاہدے قائم نہیں رکھ سکتے۔بین الاقوامی سطح پر کسی نبی کی شان میں بھی گستاخی پر اسلامی شریعت کے مطابق سزا کا قانون پاس کروایا جائے۔ انہوں نے کہا تحفظ حرمت رسول ؐ کیلئے پوری مسلم امہ کو متحد ہونا ہو گا۔ مسلم حکمران ہالینڈکے ساتھ سفارتی و تجارتی تعلقات کا بائیکاٹ کریں۔راولپنڈی میں نماز جمعہ کے اجتماع سے خطاب میں ملی مسلم لیگ کے صدر رانا عبدالرحمن نے کہا کہ انبیا کرام کی شان میں گستاخی سب سے بڑی دہشتگردی ہے۔جماعۃالدعوۃ سیاسی امور کے سربراہ پروفیسر حافظ عبدالرحمن مکی کا کہنا تھا کہ نوجوان سوشل میڈیا پر حرمت رسولؐ کے دفاع کیلئے آواز اٹھائیں ۔عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت کی اپیل پر گستاخانہ خاکوں کے خلاف ملک بھر میں ”یوم مذمت“ منایا گیا، مبلغین ختم نبوت اورمساجد کے خطبا کرام نے اجتماعات جمعہ میں عمران خان سے مطالبہ کیا کہ وہ اپنی وزارت عظمیٰ کا آغازتحفظ نامو س رسالتؐ سے کریں۔ خطبا ،علما اور شہریوں نے آرمی چیف،چیف جسٹس اور صدرپاکستان سے اپیل کی کہ گستاخانہ خاکوں پر موثر احتجاج ریکارڈ کرایا جائے۔

Comments (0)
Add Comment