وزیر اعلیٰ پنجاب کیلئے سردارعثمان بزدار کانام فائنل

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان تحریک انصاف نے وزیر اعلیٰ پنجاب کے لیے سردار عثمان بزدار کو نامزد کردیا۔چیئر مین تحریک انصاف عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر بیان جاری کرتے ہوئے ان کی نامزدگی کی خبر دی۔عمران خان نے اپنے بیان میں سردار عثمان کی نامزدگی کی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ سردار عثمان کا تعلق پنجاب کے پسماندہ علاقے اور مڈل کلاس سے ہے جہاں نہ پانی ہے نہ بجلی۔ان کا کہنا تھا کہ سردار عثمان کے گھر میں خود بھی بجلی نہیں ہے، وہ جانتے ہیں کہ غربت میں رہنا کیا ہوتا ہے۔انہوں نے امید کا اظہار کیا کہ سردار عثمان بہترین کارکردگی دکھاتے ہوئے پنجاب کے حالات بدل دیں گے۔نجی ٹی وی کے مطابق سردار عثمان بزدارڈیرہ غازی خان کےقبائلی علاقے بارتھی سےتعلق رکھتے ہیں،وہ قبائلی سردارفتح محمدخان بزدارکےبڑے صاحبزادے ہیں۔عثمان بزدار نے 2013 کے الیکشن میں مسلم لیگ (ن) کے ٹکٹ پر حصہ لیا تھا، تاہم کامیاب نہیں ہوسکے تھے۔بعد ازاں جنوبی پنجاب صوبہ محاذ سے وابستگی کے بعد وہ پی ٹی آئی میں شامل ہوگئے۔25 جولائی کو ہونے والے عام انتخابات میں وہ پنجاب اسمبلی کے حلقے پی پی 286 ڈیرہ غازی خان 2 سے پی ٹی آئی کے ٹکٹ پر 27 ہزار 27 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے۔عثمان بزدار ڈیرہ غازی خان کی تحصیل ٹرائبل ایریا کے ناظم بھی رہ چکے ہیں۔نجی ٹی وی کے مطابق عین ممکن ہے انہیں عارضی طور پر نامزد کیاگیا ہواور بعد ازاں انکی جگہ کوئی اور مضبوط یا سنیئر رہنما آجائے۔

Comments (0)
Add Comment