کراچی (رپورٹ: ایس ایم انوار) نگراں وزیر خزانہ کی دلچسپی کے باعث 75کروڑ کی رقم جاری ہونے پر اسٹیل مل ملازمین کو عید سے قبل2تنخواہیں جاری کردی گئی ہیں۔ ذرائع کے مطابق جاری تنخواہوں سے تحریک انصاف کی حمایت یافتہ انصاف سی بی اے اسٹاف لیبر یونین کیلئے جون کے مہینے کی تنخواہ سے یکمشت 3ماہ، جبکہ جولائی کی تنخواہ سے ایک مہینے کے یونین فنڈ کی کٹوتی کی گئی ہے، جس کی مجموعی رقم 22لاکھ 46ہزار 500 روپے ہے۔ اطلاعات کے مطابق نگراں وزیر خزانہ کی جانب سے 75کروڑ کی جاری رقم جمعرات کو اسٹیل مل کے نیشنل بینک بن قاسم برانچ کے اکاؤنٹ نمبر 000003-5میں منتقل کی گئی تھی ۔فنانس ڈویژن کے سیکشن آفیسر CF-IIIرمیز اعظم کی جانب سےاس ضمن میں اکاؤنٹنٹ جنرل پاکستان ریونیو کراچی سب آفس کو لیٹر نمبرNo. F.3(4)/CF-III /2010-599 ارسال کیا گیا تھا جس میں 75کروڑ کی رقم پاکستان اسٹیل مل کو جاری کرنے کی ہدایت کی گئی تھی ۔لیٹر کے مطابق صدر مملکت کی منظوری کے بعد 75کروڑ کی رقم اسٹیل مل کو بطور قرض جاری مالی کے بجٹ سے دی گئی ہے۔پاکستان اسٹیل کے ملازمین کو 2013سے تنخواہوں کی مد میں تمام رقم بطور قرض دی جارہی ہے اور یہ رقم اب 26ارب روپے ہوگئی ہے جس سے تباہ حال ادارہ اب نئے حکومتی قرضوں کے جال میں پھنستا جا رہا ہے۔