لاہور/پشاور( مانیٹرنگ ڈیسک)مسلم لیگ ن نے کہا ہے کہ آزاد ارکان رابطے میں ہیں تحریک انصاف کو ٹف ٹائم دینگے ن لیگ کے مرکزی رہنما مجتبیٰ شجاع الرحمان نے کہا ہے کہ جن 12لوگوں نے سپیکر کے لئے چوہدری پرویز الٰہی کو ووٹ دیئے ان کے نام سامنے آ چکے ہیں،ڈپٹی سپیکر کے انتخاب میں وہ سارے ووٹ واپس آئے،تحریک انصاف جس کو بھی وزیر اعلیٰ کے لئے نامزد کرتی ہے ،اس کے کیسز سامنے آ جاتے ہیں،عمران خان پہلا وزیر اعظم ہےجنہیں حلف اٹھانا نہیں آیا ۔شہباز شریف کے وزیر اعلیٰ کیلئے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن کے پنجاب میں 161ووٹ ہیں اور اب تک 159 ووٹ موجود ہیں جو کل اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے،اسمبلی میں کچھ آزاد حیثیت میں بیٹھے ارکان خود ہم سے رابطے کررہےہیں۔انہوں نے کہا کہ پنجاب کے لوگوں کا مینڈیٹ چوری کرکے سپیکر بنایاگیا ،اگرغیر جانبداری سے ایوان چلایاتو چلے گا وگرنہ ایوان نہیں چلے گا۔انہوں نے کہا زرداری کی کیا مجبوری ہے ؟کیا انہیں وٹس ایپ کال آ گئی تھی کہ انہوں نے وزارت عظمی کےلئے شہبازشریف کو بھی ووٹ نہیں دیا۔انہوں نے کہا کہ عظمی قادری سے رابطے میں ہیں، امید ہے کہ وہ کل اسمبلی اجلاس میں آ جائیں گی ۔اے این پی کے سربراہ اسفندیارولی خان نے ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہو ئے کہا ہے کہ عمران خان بیساکھیوں کےسہارے وزیر اعظم بن گئے ہیں،ایک بیساکھی بھی ہلی تو عمران خان وزیر اعظم نہیں رہینگے۔ باچا خان کے سپاہی اپنے اسلاف کی قربانیوں کے ساتھ غداری کا سوچ بھی نہیں سکتے ہیں، سیاست سے شائستگی کا جنازہ نکالنے والا شخص کیسے ملک چلائے گا،مسلم لیگ کے رہنما حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ پنجاب میں پی ٹی آئی کو فری ہینڈ نہیں دیں گے۔حمز ہ شہباز نے کہا ہے کہ ہم اپنا جمہوری حق استعمال کرنا جانتے ہیں، پنجاب میں پی ٹی آئی کو فری ہینڈ نہیں دیں گے، مینڈیٹ تبدیل ہونے کا سلسلہ بند ہونا چاہیے، عوام ووٹ چوری کا حساب چاہتے ہیںجمہوریت ڈی ریل نہیں کرنا چاہتے،دھاندلی کی تحقیقات پر سمجھوتا نہیں کریں گے۔