سالانہ10لاکھ گھروں کی تعمیر نئی حکومت کیلئے چیلنج ہے-چیئرمین آباد

کراچی(بزنس رپورٹر) ایسوسی ایشن آف بلڈرز اینڈ ڈیولپرز نے وزیراعظم کا حلف اٹھانے پر عمران خان اور اس کی جماعت تحریک انصاف کو مبارکباد پیش کی ہے۔چیئرمین آباد محمد عارف یوسف جیوا نے امید ظاہر کی ہے کہ وزیراعظم عمران خان قوم سے کیے گئے وعدے پورے کریں گے۔ملک میں معاشی بحران سے نمٹنا،، سالانہ 10 لاکھ گھروں کی تعمیر، پاکستانی معیشت کو استحکام کی راہ پر گامزن کرنا نو منتخب سیاسی حکومت، وزیراعظم عمران خان اور متوقع وزیرخزانہ اسد عمر کے لیے ایک بڑا چیلنج اور امتحان ہے۔اگر پی ٹی آئی کی حکومت 5 برسوں میں 20 سے 25 لاکھ گھر بھی تعمیر کرلے، تو اس سے ملکی معیشت میں وسیع بہتری آجائے گی۔انہوں نے کہا کہ لاکھوں گھروں کی تعمیر سے تعمیراتی صنعت سے وابستہ 70 ذیلی صنعتوں کو بھی ترقی ملے گی، جس سے روزگار کے وسیع مواقع میسر آئیں گے۔عارف جیوا نے کہا کہ عوام ،بلڈرز ،ڈیولپرز اور تمام بزنس کمیونٹی کی نگاہیں پی ٹی آئی حکومت پر ہیں۔آباد کو قوی امید ہے کہ وزیراعظم عمران خان اور اس کی ٹیم بلڈرز اور ڈیولپرز کے لیے فکس ٹیکس ریجیم نافذ اور تعمیراتی منصوبوں کی منظوری سے تکمیل تک تمام امور کے لیے ون ونڈو آپریشن کا نظام لانے کے وعدے پورے کریں گے۔انہوں نے پی ٹی آئی حکومت کو فیڈرل بورڈ آف ریونیو کی تشکیل نو کی تجویز دی ہے، جس کا وزیراعظم عمران خان اپنے خطاب میں عندیہ بھی دے چکے ہیں۔عارف جیوا نے کہا کہ ٹیکس نیٹ کو وسیع اور ٹیکس کی وصولیوں میں اضافے کے لیے شرح ٹیکس میں کمی انتہائی ناگزیر ہے۔

Comments (0)
Add Comment