افغان جنگ کا ٹھیکہ بلیک واٹر کو دینے پر ٹرمپ آمادہ

واشنگٹن (امت نیوز) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ افغان جنگ کا ٹھیکہ بدنام زمانہ بلیک واٹر کو دینے پر آمادہ ہوگئے۔امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ 17سال سے جاری جنگ کے نہ ختم ہونے اور افغانستان سے متعلق پینٹاگون کی حکمت عملی سے مایوس ہیں۔ پینٹاگون نے جو کچھ مانگا اسے دیا گیا لیکن خاطر خواہ نتائج نہ نکلے۔امریکی میڈیا نے دعویٰ کیا کہ بلیک واٹر کے بانی ایرک پرنس کی بہن بیسٹی ڈیوس نے ٹرمپ کو آمادہ کرنے میں کردار ادا کیا۔ بیسٹی ڈیوس کا تعلق ریپبلکن پارٹی سے ہے اور وہ امریکہ کی وزیر تعلیم ہیں۔گزشتہ برس افغان جنگ سے متعلق حکمت عملی پر نظر ثانی کے دوران افغان جنگ بلیک واٹر کو ٹھیکے پر دینے کی تجویز ایرک پرنس نے ٹرمپ کو دی تھی۔ایرک پرنس نے امریکی میڈیا کو بتایا تجویز پر عمل درآمد کی صورت میں افغانستان میں امریکی فوج کی جگہ بلیک واٹر کے پرائیوٹ مسلح کارندوں کو تعینات کیا جائے گا جو اپنے کام کے حوالے سے ایک امریکی ایلچی کو رپورٹ دینگے اور ایلچی براہ راست ٹرمپ کو کارکردگی سے آگاہ کرے گا۔ ایرک پرنس کے مطابق ٹرمپ کے مشیر افغان جنگ کے حوالے سے صدر کو گمراہ کر رہے ہیں اور یہ ظاہر کر رہے ہیں کہ امن عمل قریب ہے۔ دوسری جانب نیشنل سیکورٹی کونسل کے ترجمان نے امریکی میڈیا کے دعوے کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ٹرمپ افغانستان میں استحکام چاہتے ہیں، لیکن ان کا یہ خیال بھی ہے کہ جلد بازی میں امریکی فوج نکالنے سے افغانستان مبینہ دہشت گردوں کی محفوظ پناہ گاہ بن جائے گا، جس سے امریکی شہریوں کو خطرات لاحق ہو جائیں گے۔

Comments (0)
Add Comment