کراچی (اسٹاف رپورٹر) ڈیفنس اور گلشن حدید سے بچے سمیت 3 افراد کی تشدد زدہ لاشیں ملی ہیں، تینوں کو اغوا کرکے مارنے کے بعد لاشیں پھینک دی گئیں۔ شناخت نہ ہونے پر تمام لاشیں سرد خانے منتقل کردی گئی ہیں۔ تفصیلات کے مطابق ڈیفنس موڑ کے قریب فٹ پاتھ سے تشدد زدہ 3 سالہ بچے کی لاش ملی۔ اطلاع ملنے پر پولیس نے لاش قانونی کارروائی کیلئے قریبی اسپتال پہنچائی۔ ایس ایچ او عزیز شیخ نے ’’امت‘‘ کو بتایا کہ مقتول کو نامعلوم ملزمان نے تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد قتل کردیا اور لاش کو مذکورہ مقام پر پھینک کر فرار ہوگئے، مقتول سے شناخت کی کوئی چیز نہیں ملی ہے۔ پولیس نے تمام تھانوں سے رابطہ کرلیا ہے کہ کسی تھانے میں مقتول کی گمشدگی اطلاع تو موجود نہیں ہے۔ قبل ازیں اسٹیل ٹاؤن کے علاقے گلشن حدید فیز 2 عائشہ جنرل اسٹور کے عقب سے چادر میں لپٹی ہوئی 50 سالہ شخص کی لاش ملی، جسے پولیس نے قانونی کارروائی کیلئے قریبی اسپتال پہنچایا۔ ہیڈ محرر محمد انوار نے بتایا کہ مقتول کو نامعلوم ملزمان نے اغوا کرنے کے بعد باندھ کر تشدد کا نشانہ بنایا اور مار کر لاش چادر میں لپیٹ کر مذکورہ مقام پر پھینک کر فرار ہوگئے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ مقتول سے شناخت کی کوئی چیز نہیں ملی ہے۔ بعدازاں اسٹیل ٹاؤن کے علاقے فلٹر پلانٹ کے قریب برساتی نالے سے ڈوبی ہوئی 25 سالہ شخص کی لاش ملی، جسے پولیس نے قریبی اسپتال پہنچایا۔ ہیڈمحرر محمد انوار کا کہنا ہے کہ مقتول کے جسم پر تشدد کے نشانات ہیں اور اس سے شناخت کی کوئی چیز نہیں ملی ہے۔ پولیس نے کارروائی کے بعد تینوں لاشیں شناخت کیلئے سرد خانے میں رکھوادی ہیں۔