نئی سندھ حکومت کیلئے پرانے وزرا آج حلف اٹھائیں گے

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول زرداری نے عام انتخابات کے بعد بننے والی حکومت کے وزرا کیلئے سابق دور کے وزرا کے ناموں کی منظوری دے دی ہے۔ پہلی بار کابینہ کا حصہ بننے والوں میں آصف علی زرداری کی ہمشیرہ عذرا پیچوہو اور گورام ایسرانی شامل ہوں گے۔ کابینہ کے اراکین اتوار کی شام حلف اٹھائیں گے۔ محکمہ داخلہ اور خزانہ کے قلمدان مردار علی شاہ کے پاس ہی ر ہیں گے۔ پیپلز پارٹی کی سابق حکومت میں وزرا کی حیثیت سے شامل سہیل انور سیل اور ناصر شاہ کیخلاف اقامے رکھنے، جبکہ سردار شاہ اور جام خان شورو کیخلاف نیب میں کرپشن کیسز زیر سماعت ہیں۔ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول زرداری نے ہفتہ کو بلاول ہاؤس میں اجلاس سے قبل علیحدگی میں ہونے والی ملاقات کے دوران مراد علی شاہ کو یقین دلایا کہ کسی بھی وزیر کو من مانی کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ شب بلاول ہاؤس میں بلاول زرداری کی زیر صدارت سینئر رہنماؤں کا اجلاس ہوا، جس میں مجوزہ سندھ کابینہ پر غور کے بعد ناموں کی منظوری دی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں سعید غنی، ناصر شاہ، سہیل انور سیال، ڈاکٹر عذرا پیچوہو، امتیاز شیخ، سردار شاہ، میر نادر خان مگسی، میر شبیر بجارانی، محبوب الزمان، گورام ایسرانی، جام خان شورو اور محمد علی ملکانی کو وزیر بنانے کی منظوری دی گئی۔کابینہ کے اراکین سے قائم مقام گورنر آغا سراج درانی حلف لیں گے۔ ذرائع کے مطابق مراد علی شاہ نے اجلاس میں تجویز دی کہ نئے وزرا کی وجہ سے محکموں کے کام متاثر ہوں گے، اس لئے پرانے وزرا وہیں سے کام شروع کریں، جہاں سے انہوں نے چھوڑا تھا۔ذرائع کے مطابق سعید غنی اطلاعات، سردار شاہ سیاحت و ثقافت و تعلیم، نادر مگسی محکمہ خوراک، مخدوم محبوب الزمان ریونیو، شبیر بجارانی ورکس اینڈ سروسز، جام خان شورو محکمہ بلدیات، محمد علی ملکانی ماہی گیری اور ناصر شاہ کو ٹرانسپورٹ کے قلمدان دینے پر غور کیا گیا۔ عذرا پیچوہو اور امتیاز شیخ کو اہم محکمے مل سکتے ہیں۔ اس موقع پر بلاول کا کہنا تھا کہ جو وزیر اپنے محکموں کے نتائج نہیں دے گا اسے بدل دیا جائے گا۔ اب وزیر بننے کا مطلب عوام کی خدمت و کام ہوگا۔ سندھ کے عوام نے جن حالات میں اعتماد کیا ہے۔اس پر پورا اترنے کیلئے اب صرف نتائج پر توجہ دی جائے گی۔ جو عوام کی خدمت نہیں کر سکتے وہ گھر بیٹھ جائیں۔

Comments (0)
Add Comment