واشنگٹن ڈی سی (مانیٹرنگ ڈیسک) سائنسدان گندم کا مکمل جینوم معلوم کرنےمیں کامیاب ہوگئے ہیں۔ممتاز جریدے ’سائنس‘ میں شائع ہونے والی رپورٹ کے مطابق اس کام میں 13 برس لگےکیونکہ گندم جیسی غذا کاجینوم خودانسانی جینوم سے 5گنا زائد بڑا اور پیچیدہ ہے۔اس کام میں20ممالک کے 200سےزائدسائنس دانوں نےدن رات کام کیا اور اسی بناپر اسےایک ’ عظیم پیچیدہ کام‘ کہا گیا۔ماہرین نے جدید ترین آلات اور مروجہ تکنیک سے گندم کا پیچ در پیچ جینوم کا پہلا ڈرافٹ بنالیا ہے جسے جینیاتی رپورٹ بھی کہا جاسکتا ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ گندم کے جینوم میں 21 کروموسومز، 40لاکھ سالماتی مارکرز اور ایک لاکھ سے زائد جین ہیں۔ماہرین کے مطابق اس تحقیق سے اعلیٰ اور بہترین خواص والی گندم تیار کرنے میں بہت مدد ملے گی، مثلاً گندم کی بیماریوں کو دور کرنے یا پھر گندم سے الرجی کی وجہ بننے والے جین کو بھی نکال کر اسے بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔