کراچی (بزنس رپورٹر) سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی نے شہر میں بڑھتی ہوئی غیر قانونی تعمیرات کیخلاف کارروائیاں تیز کردی ہیں، اسی بی سی اے کا عملہ عید کی چھٹیوں میں بھی آپریشن جاری رکھے گا۔ تفصیلات کے مطابق شہر کے مختلف پوش علاقوں میں غیر قانونی تعمیرات میں اضا فہ ہوتا جارہا ہے، جس کے خلاف بلڈنگ اتھارٹی ڈیمالیشن اسکواڈ نےتیزی سے کام شروع کردیا ہے۔ ڈائریکٹر جنرل ایس بی سی اے افتخار قائم خانی کی ہدایت کے تحت ایسی تمام عمارات جن کے خلاف کیس درج ہیں، انہیں فوری سربمہر کرکے بلڈنگز کے مالک اور بلڈرز کے خلاف ایف آئی آر درج ہوں گی اوران کے لائسنسز کو منسوخ کیاجائے گا۔بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کا عملہ ٹاؤنز کی سطح پرعید کی چھٹیوں کے دوران بھی غیر قانونی تعمیرات کے خلاف اپنا کام جاری رکھے گا ۔واضح رہے کہ لیاقت آبا د، گلشن ، گلبرگ اور نارتھ ناظم آباد کے مختلف علاقوں میں کچھ افراد نے غیر قانونی تعمیرات کررکھی ہیں۔مذکورہ ٹاؤن کے علاقہ مکینوں نے اس بارے میں ایس بی سی اے کو شکایات درج کرائی ہے، جس پر ان غیرقانونی تعمیرات کو منہدم کیاجائے گا۔