گندم تقسیم میں اقربا پروری کیخلاف ترستے عوام سراپا احتجاج

پنگریو (نامہ نگار) گندم تقسیم میں اقربا پروری کیخلاف تھر کے مکین سراپا احتجاج بن گئے۔ بدین کے علاقے پنگریو میں ریلی نکالی اور نوکوٹ روڈ پر دھرنا دیکر ٹریفک کی روانی معطل کر دی۔ تفصیلات کے مطابق پنگریو سے متصل ضلع تھر پارکر کے دیہات اسحاق لیل،میر خان لوند،حیدر لوند،عبدالقادر لیل، حبیب مہران پوٹو، حاجی مہران پوٹو،احسان لوند،مرید لوند،لیل فارم،گلشیر لیل، حاجی ناتھو لیل،ربڈنولیل،عبد اللہ احمدانی،موسیٰ احمدانی، احمد خان کھوسو،حاجی سلطان لیل اور محمد عثمان لیل اور دیگر سے تعلق رکھنے والے باشندے تھر پار کر میں سرکاری گندم کی تقسیم میں ہونے والی بے قاعدگیوں اور بے ضابطگیوں کے خلاف سڑکوں پر آگئے اور انہوں نے حاجی عبدالقادر لیل، حیدر لوند،محمد بخش لوند،علی غلام چانڈیو،غلام حیدر کھوسو کی قیادت میں پنگریو ستوں میل روڈ سے احتجاجی ریلی نکالی جو کہ گشت کرتی ہوئی ستوں میل نوکوٹ شاہراہ پر پہنچی تو ریلی کے شرکانے شاہراہ پر دھرنا دے دیا ،جس سے شاہراہ بلاک ہو گئی اور دونوں اطراف گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئیں ۔اس موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے رہنماؤں نے کہا کہ تھر پارکر میں سرکاری گندم کی تقسیم میں بڑے پیمانے پر بے ضابطگیاں ہو رہی ہیں اور مستحقین کو گندم فراہم کئے جانے کے بجائے با اثر اور امیر ترین افراد کو گندم فراہم کی جارہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ تھر پار کر کی انتظامیہ نے گندم کی تقسیم میں ہمارے دیہاتوں کو بری طرح نذر انداز کر رکھا ہے ،جس کی وجہ سے ان دیہاتوں کے عوام سڑکوں پر آنے پر مجبور ہو گئے ہیں ۔

Comments (0)
Add Comment