کراچی (اسٹاف رپورٹر) بہادرآباد میں کم عمر لڑکے ڈی ایس پی کی پولیس موبائل چلا کر ہوٹل پر ناشتہ کرنے پہنچ گئے، آئی جی سندھ نے واقعے کا نوٹس لیکر ڈی ایس پی ماڑی پور عسکر مسعود کو معطل کرتے ہوئے ڈی آئی جی ایسٹ سے رپورٹ طلب کرلی۔ تفصیلات کے مطابق اتوار کی صبح بہادرآباد میں کم عمر لڑکے پولیس موبائل چلا کر ہوٹل پر ناشتہ کرنے پہنچے، جبکہ بچوں کے ساتھ کوئی اہلکار یا افسر موجود نہیں تھا اور موبائل پر کسی تھانے کا نام بھی نہیں تھا۔ ذرائع کے مطابق مذکورہ پولیس موبائل ڈی ایس پی ماڑی پور عسکر مسعود کے زیر استعمال ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ پولیس لاپرواہی بڑے حادثے کا پیش خیمہ بن سکتی ہے، کیونکہ پولیس موبائل بچے چلارہے ہیں، اگر کسی نے موبائل چوری اور چھین لی تو دہشت گردی میں استعمال ہوسکتی ہے۔ آئی جی سندھ امجد جاوید سلیمی نے واقعے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے ڈی ایس پی عسکر مسعود کو معطل کرتے ہوئے ڈی آئی جی ایسٹ کو تحقیقات کا حکم دیا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ محکمانہ فرائض میں غفلت اور لاپروائی ناقابل برداشت ہے۔