کراچی(ایجنسیاں) منیجنگ ڈائریکٹر سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ سعید احمد مینگیجو کی ہدایت پرایگزیکٹو ڈائریکٹر آپریشن، اسد اللہ ابڑو کی نگرانی میں آلائشوں کوتلف کرنے کے لئے لینڈ فل سائیٹ جام چاکرو،گوند پاس اور ہوا گوٹھ میں کھدائی کرکے ٹرنچز بنانے کا کام آخری مراحل میں ہے۔جبکہ شہریوں کو ریلیف فراہم کرنے کے لئے ضلع شرقی، ضلع جنوبی، ضلع ملیر، اور ضلع غربی کے ہر ذون میں شکایتی مراکز 24گھنٹے فعال رہیں گے۔ اس کے علاوہ چائنیز کنٹریکٹرز نے اضافی عملہ اور اضافی گاڑیوں، سوزوکیوں کا بھی انتظام کیا ہے جو عیدالاضحیٰ آپریشن میں استعمال ہونگی۔ اس موقع پرایگزیکٹو ڈائریکٹر آپریشن، اسد اللہ ابڑو نے تمام متعلقہ افسران، چائنیز کنٹریکٹرز اور مقامی کنٹریکٹرزکو ہدایت دی ہے کہ عیدالاضحی کے سلسلے میں تمام انتظامات مکمل کرنے کے ساتھ ساتھ معمول کا کچرا اٹھانے کا کام بھی متاثر نہ کیا جائے۔ جبکہ آلائشوں کو گھر گھر سے اٹھانے کے بعد کلیکشن پوائنٹس اور لینڈ فل سائیٹ پر چونے کا چھڑکاوٴاور جراثیم کش ادویات کا چھڑکاوٴ یقینی بنایا جائے۔