اسلام آباد/لاہور ( خبرایجنسیاں)صدر مملکت ممنون حسین نے گورنرپنجاب ملک رفیق رجوانہ کا استعفیٰ منظور کر لیا، چوہدری پرویز الٰہی کو قائمقام گورنر پنجاب مقرر کردیا گیا جبکہ ڈپٹی سپیکر دوست محمد مزاری قائمقام سپیکر پنجاب اسمبلی ہوں گے ۔تفصیلات کے مطابق عام انتخابات میں تحریک انصاف کی کامیابی پر گورنر پنجاب ملک رفیق رجوانہ نے اپنا استعفیٰ صدر مملکت کو بھجوا دیا تھا جس میں کہا گیا تھا کہ ملک میں عام انتخابات ہو چکے ہیں،کامیاب جماعت کو اپنا گورنر لگانے کا اختیار ہے اس لئے میں اپنی خدمات جاری نہیں رکھ سکتا۔ صدر مملکت ممنون حسین نے گزشتہ روز رفیق رجوانہ کا استعفیٰ منظورکرتے ہوئے سپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الٰہی کو گورنر پنجاب مقرر کردیا اور اس کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔