سنگین غداری کیس کی سماعت آج -پرویز مشرف پیش نہیں ہونگے

اسلام آباد(نمائندہ خصوصی ) سابق صدر پرویز مشرف کے خلاف سنگین غداری کیس کی سماعت خصوصی عدالت آج پیر کواسلام آباد میں کرے گی۔پرویز مشرف پیش نہیں ہوں گےجبکہ اکرم شیخ ایڈووکیٹ کی جانب سے خصوصی عدالت کو اپنے مستعفی ہونے سے آگاہ کرنے کا امکان ہے۔ پرویز مشرف کے اکاؤنٹس اور جائیداد ضبطی کے معاملے مین صہبا مشرف کی درخواست کی بھی سماعت ہوگی ۔بیرسٹرفروغ نسیم کے وزیر قانون بننے کے بعد عدالت میں پیشی سے خود کو الگ کرنے یا نہ کرنے کے فیصلے سے بھی آج عدالت کو آگاہ کیے جانے کا امکان ہے۔ چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ محمد یاور علی کی سربراہی میں جسٹس طاہرہ صفدر اور سندھ ہائیکورٹ جسٹس نذر اکبر پر مشتمل 3رکنی خصوصی عدالت سماعت کرے گی۔رجسٹرار سیشن جج راو عبدالجبار نے متعلقہ فریقین کو تاریخ سماعت سے آگاہ کر دیا ہے۔ کیس میں فریقین، متعلقہ اداروں، درخواست گزار صہبا مشرف کو نوٹسز جاری کر دئیے گئے ہیں۔ چیف کمشنر اسلام آباد، آئی جی اسلام آباد پولیس کو اس حوالے انتظامات کرنے اور فول پروف سیکیورٹی فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔ پرویز مشرف کے وکیل اختر شاہ نے ’’امت ‘‘کو بتایا کہ پرویز مشرف کے سیکیورٹی خدشات اور تحفظات کو تاحال حل نہیں کیا گیا، اس لیے ان کی پیشی کے امکانات کم ہیں تاہم اگر سیکیورٹی کے حوالے سے نئی حکومت نے ذمہ داری قبول کی تو پھر وہ اپنے موکل سے بات کر کے تفصیلات سے آگاہ کریں گے ۔انہوں نے کہا کہ بیرسٹر فروغ نسیم پیش ہوں گے یا نہیں اس کا فیصلہ انہوں نے خود کرنا ہے تاہم لگ یہی رہا ہے کہ وہ پیش ہوں گے اور عدالت کو تمام تر تفصیلات سے آگاہ کر کے مزید پیشی سے معذرت کرسکتے ہیں ۔

Comments (0)
Add Comment