اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) عمران کے وزارت عظمی کا حلف اٹھاتے ہی ایک ایسا کام ہوگیا جس نے امریکی صدر ٹرمپ اور پی ٹی آئی قائد کے درمیان مماثلت سے متعلق غیرملکی کامیڈین کا مزاحیہ پروگرام سچ ثابت ہونے لگا ہے۔اگرچہ نوح ٹریور کی یہ ویڈیو محض لوگوں کو ہنسانے کی غرض سے تھی تاہم اس نے عمران خان اور ڈونلڈٹرمپ کے ماضی اور حال میں کئی ایسی مماثل قدریں بیان کیں کہ لگا جیسے دونوں واقعی ایک جیسے ہیں۔معاصر انگریزی اخبار کے مطابق اٹارنی جنرل خالد جاوید خان نے یہ کہہ کر عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے کہ وہ تحریک انصاف کی حکومت کے ساتھ کام نہیں کر سکتے۔ واضح رہے کہ جب ڈونلڈٹرمپ صدر بنے تھے تو امریکہ میں کئی افسران نے یہ کہہ کر استعفے دے دیئے تھے کہ وہ ٹرمپ حکومت کے ساتھ کام نہیں کر سکتے۔ رپورٹ کے مطابق خالد جاوید خان 9اگست کو بنی گالہ میں آخری بار عمران خان سے ملے تھے جس میں پی ٹی آئی سربراہ نے انہیں استعفیٰ نہ دینے اور اپنے عہدے پر کام جاری رکھنے کو کہا تھا۔ اس وقت خالد جاوید کام جاری رکھنے پر رضامند ہو گئے تھے تاہم تحریک انصاف کا ایک دھڑا انہیں عہدے سے ہٹا کر ان کی جگہ انور منصور خان کو لانے کے لیے بہت متحرک تھا، جو یوسف رضا گیلانی کی وزارت عظمیٰ کے دور میں اٹارنی جنرل رہ چکے ہیں۔ یہ بھی معلوم ہوا کہ تحریک انصاف کا یہی گروپ، جس میں زیادہ تر لوگ کراچی کے ہیں، عمران خان کو اس بات پر رضامند کرنے میں کامیاب ہو گیا کہ وہ انور منصور کو نیااٹارنی جنرل تعینات کر دیں تاہم دوسرا دھڑا خالد جاوید کے حق میں ڈٹا رہا ۔ رپورٹ کے مطابق جب خالد جاوید کو تحریک انصاف کے اندر چل رہی اس کشمکش کا علم ہوا تو انہوں نے خود ہی استعفیٰ دے دیا اور کراچی چلے گئے۔ ذرائع نے یہ بھی بتایا ہے کہ جب خالد جاوید استعفیٰ کا فیصلہ کر چکے تھے تب بھی تحریک انصاف کی طرف سے ان سے رابطہ کیا گیا اور کام جاری رکھنے کو کہا گیا تاہم انہوں نے معذرت کر لی اور مستعفی ہو گئے۔