شہریوں نے بچیوں سے زیادتی کی کوشش کرنیوالے 2 ملزم دھر لئے

کراچی(اسٹاف رپورٹر ) سائٹ سپر ہائی وے اور منگھوپیر میں معصوم بچیوں سے زیادتی کی کوشش کرنے والے ملزمان کو لوگوں بدترین تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد پولیس کے حوالے کردیا۔منظور کالونی میں اجتماعی زیادتی کا نشانہ بننے والی طالبہ کے اہلخانہ کودھمکیوں کا آئی جی سندھ نے نوٹس لیتے ہوئےفوری رپورٹ طلب کرلی ۔تفصیلات کے مطابق سائٹ سپر ہائی وے کے علاقے خادم حسین گوٹھ کچی آبادی کے خالی پلاٹ سے بچی کے شور پر اہل علاقہ جمع ہو گئے اور ملزم کو تشدد کا نشانہ بنانا شروع کردیا۔اطلاع ملتے ہی پولیس پہنچ گئی اورملزم کو تحویل میں لے لیا۔ پولیس نے بتایا کہ بچی کو میڈیکل کیلئےاسپتال بھیج دیا ہے ،جبکہ ملزم فہیم کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے۔ پولیس نےبتایا کہ ملزم نے بچی کواغوا کرنے کے بعد خالی پلاٹ میں لے جا کر زیادتی کا نشانہ بنانے کی کوشش کی تھی، تاہم میڈیکل رپورٹ کے بعد حقائق سامنے آئیں گے۔اسی طرح کے ایک اور واقعے میں سلطان آباد سیکٹر 2 عشرت ٹاؤن میں لوگوں نے 9سالہ بچی صائمہ سے زیادتی کی کوشش کوناکام بنا کر ملزم کی درگت بنا دی اور اسے پولیس کے حوالے کر دیا۔ پولیس کے مطابق ملزم صابر نے 9سالہ صائمہ کو بہانے سے گھر بلایا اور زیادتی کی کوشش کی بچی نے شور مچایا تو اہل علاقہ پہنچ گئے۔ پولیس کے مطابق ملزم صابر نے معصوم بچی کو ایسے وقت گھر پر بلایا ،جب گھر کے تمام افرادباہر تھے ۔ متاثرہ بچی نے پولیس کو بیان دیا ہے کہ ملزم نے سگریٹ لانے کو کہا سگریٹ لیکر واپس آئی تو ملزم نہیں تھا،دروازہ کھلا دیکھ کر سگریٹ دینے اندر گئی تو ملزم صابر نے دبوچ لیا اور غلط حرکات کرنے لگا ،جس پر میں نے شور مچادیا۔ دوسری جانب آئی جی سندھ امجد جاوید سلیمی نے منظور کالونی میں اجتماعی زیادتی کا نشانہ بننے والی طالبہ کے اہلخانہ کو مقدمہ واپس لینے کیلئے دھمکیاں دینےکا سخت نوٹس لیتے ہوئے ڈی آئی جی ایسٹ سے فوری رپورٹ طلب کرلی ہے۔ واضح رہے کہ کچھ عرصہ قبل 4لڑکوں نے بی کام کی طالبہ کو اغوا کرکے اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنایا، تاہم پولیس نے ملزمان کو اگلے روز ہی گرفتار کرلیا تھا، جسکے بعد گرفتار ملزمان کا ساتھی مزمل ضمانت پر رہا ہونے کے بعد متاثرہ طالبہ اور اس کی فیملی کو مقدمہ واپس لینے کیلئے دھمکیاں دے رہا ہے۔ متاثرہ طالبہ کا کہنا ہے کہ تفتیشی پولیس کیس خراب کررہی ہے۔ متاثرہ طالبہ نے آئی جی سندھ اور چیف جسٹس پاکستان سے واقعے کا نوٹس لینے کی اپیل کی تھی۔ میڈیا رپورٹس پر آئی جی سندھ نے سخت نوٹس لیتے ہوئے ڈی آئی جی ایسٹ سے تفتیش میں پیشرفت رپورٹ طلب کرلی ہے۔

Comments (0)
Add Comment