عرفات(مانیٹرنگ ڈیسک) عازمین حج غروب آفتاب ہوتے ہی مزدلفہ کی جانب روانہ ہوگئے ،جہاں انہوں نے نماز مغرب اور عشا کی نمازیں ایک ساتھ قصر ادا کی ۔عازمین نےکھلے آسمان تلے مزدلفہ میں ہی قیام کیا۔اور رمی جمرات کے لیے کنکریاں بھی جمع کریں گے۔ حجاج کرام آج 10 ذوالحج کو طلوع آفتاب کے بعد دوبارہ منیٰ کی جانب روانہ ہوں گے ،جہاں وہ سب سے بڑے شیطان کو کنکریاں ماریں گے اور رمی جمرات کے بعد حجاج کرام قربانی کریں گے اور سر منڈوا کر احرام کھول دیں گے۔ حج مناسک کی ادائیگی کے لیے سعودی جانے والے عازمین کرام قربانی کے بعد مکۃالمکرمہ جاکر مسجد الحرام میں طواف زیارت کریں گے اور صفا و مروہ کے درمیان سعی کی سعادت حاصل کریں گے۔