حکمراں آئندہ نسل کو اچھے اخلاق کی تربیت دیں-خطبہ حج

عرفات(مانیٹرنگ ڈیسک) مسجد نبویؐ کے امام شیخ حسین بن عبدالعزیز ال الشیخ نے میدان عرفات میں واقع مسجد نمرہ میں خطبہ حج دیتے ہوئے کہا ہے کہ اسلام کی اصل تصویر احسن اعمال پرہے جب کہ سیاست اور معیشت کودین کے مطابق ڈھالنے کی ضرورت ہے۔مسجد نبویؐ کے امام شیخ حسین بن عبدالعزیزال الشیخ نے مسجد نمرہ میں خطبہ حج دیتے ہوئے کہا کہ مسلمانوں کو حکمرانوں کی فرمانبرداری اوراطاعت کا حکم دیا گیا ہے، حکمران ایسا ہونا چاہیے کہ اللہ کی اطاعت کرے اورہرطرح کی برائی کو روکے،حکمرانی ایسی ہو جس میں الله اور اس کے رسول ﷺ کے احکامات کی پیروی کی جائے، شریعت کے مطابق زندگی بسر کی جائے، اللہ کا حکم ہے فیصلہ سازی عدل کی بنیاد پر کی جائے، سیاست اور معیشت کو دین کے مطابق ڈھالنے کی ضرورت ہے۔خطبہ حج میں کہا گیا کہ مسلمان کا مال، خون اورعزت دوسرے مسلمان پر حرام ہے، اسلام ظلم و زیادتی کو پسند نہیں کرتا، مسلمان کو چاہیے کہ کسی کے ساتھ زیادتی نہ کرے، نبی پاک ﷺ کی پیش کردہ اخلاقیات کسی بھی بے گناہ کو نقصان پہنچانے سے روکتی ہیں، معاشرے کے امن کیلیے ہرمسلمان کو کوشش کرنی چاہیے، اخلاق حسنہ معاشرے کو کامیابی کی طرف لے جاتا ہے، پوری دنیا کو قرآن پاک کے مطالعے کی دعوت دیتے ہیں، قرآن سیدھے راستے کی طرف لے کر جاتا ہے۔ ڈاکٹر شیخ حسین بن عبدالعزیز آل الشیخ نے کہا کہ اللہ تعالیٰ فرماتے ہیں کہ صرف میری عبادت کرو، میری یاد کے لیے نماز قائم کرو،اللہ پاک نے خیرات کا حکم دیا ہے،تمام انبیائے کرام علیہ السلام نے اللہ تعالیٰ کا پیغام پہنچایا۔انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ خود فرماتے ہیں کہ انہوں نے کسی کو ہدایت بخشی، کسی کو سیدھے راستے سے بھٹکا دیا، عبادت کے لائق صرف اللہ تعالیٰ ہی ہیں، ان ہی سے ڈرو، ان کی ہی عبادت کرو، نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی لائی ہوئی شریعت کے مطابق زندگی بسر کی جائے، اللہ تعالیٰ کا فرمان ہے کہ انہوں نے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کو خوش خبری دینے والا بناکر بھیجا۔خطیبِ حج کا کہنا ہے کہ ایمان والوں اورنیک اعمال کرنےوالوں کو جنت کی خوش خبری دی گئی،نماز وہ رکن ہے جو اسلام پردلیل ہے، بے حیائی سے روکتا ہے، فجر کے وقت تلاوت قرآن کریم افضل ہے، نماز کی پابندی، زکوٰۃ کی ادائیگی، نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی اطاعت کا حکم دیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ اللہ پاک نے صاحب استطاعت افراد پر حج فرض کیا، نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے بہترین اخلاق کا بیان فرمایا ہے،آج ہمیں معمولاتِ زندگی گزارنے کے لیے بہتر اخلاق کی ضرورت ہے، آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے خطبہ حج میں فرمایا ہے کہ تمہارا مال، عزت اور خون ایک دوسرے پر حرام ہیں۔ڈاکٹر شیخ حسین بن عبدالعزیز آل الشیخ کا کہنا ہے کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا تم میں سب سے اچھے وہ ہیں جو اخلاق میں اچھے ہیں، اسلام خیر، احسان، خرچ اور سخاوت پر ابھارتا ہے، امت مسلمہ قرآن پاک پر جمع ہے، ایک ہی قبلہ رخ کرتی ہے، اللہ تعالیٰ فرماتے ہیں کہ میرے بندوں سے کہہ دیجیے کہ بہت ہی اچھی بات منہ سے نکالو، اے ایمان والوں، عہد و پیمان پورے کرو، وعدے وفا کرو۔ دنیا بھر سے فریضہ حج کی ادائیگی کے لئے حجاز مقدس پہنچنے والے 20 لاکھ سے زائد افراد نے فریضہ حج ادا کرلیا ہے۔

Comments (0)
Add Comment