جکارتہ (امت نیوز) پاکستان ہاکی ٹیم کے منیجر اولمپئین حسن سردار نے کہا ہے کہ ایشیئن گیمزکیلئے قومی ہاکی ٹیم نے بھرپور تیاری کی ہے، تمام کھلاڑی مکمل فٹ ہیں اور اچھی کارکردگی کیلئے پرعزم ہیں۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ چار ماہ قبل جب ٹیم ہمیں ملی تھی تو وہ مسلسل شکست سے دوچار ہو رہی تھی اور اپنا اعتماد کھوچکی تھی مگر ہیڈ کوچ رولینڈ آلٹمین، اسسٹنٹ کوچز محمد ثقلین، ریحان بٹ اور فزیکل ٹرینر ڈینیئل بیری نے ٹیم کی کارکردگی کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کیا اور اب ٹیم تیزی سے بہتری کی جانب گامزن ہیں۔ پچھلے ٹورنامنٹس میں گوکہ ہم کوئی ٹائٹل حاصل نہیں کرسکے مگر ہم نے اولمپک چمپیئن اور ورلڈ نمبر2 ارجنٹائن کو4-1 سے شکست دی، بیلجیئم سے میچ ڈرا کیا، ٹیم کا مورال بہت بلند ہے اور ہم دنیا کی کسی بھی ٹیم کو شکست دینے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ حسن سردار کا مزیدکہنا تھا کہ ایشین گیمز میں عمان کے خلاف پریکٹس میچ میں کامیابی خوش آئند ہے۔ دنیا میں ہاکی کھیلنے والے ممالک کی تعداد میں خاطرخواہ اضافہ ہوا ہے۔