مزید2کشمیری نوجوان شہید-بارودی سرنگ پھٹنے سے بھارتی فوجی ہلاک

لاہور۔سری نگر(نمائندہ امت۔خبرایجنسیاں) مقبوضہ کشمیر کے بارہمولہ ضلع میں بھارتی فوج نے بدترین دہشت گردی کا ارتکاب کرتے ہوئے مزید 2کشمیری نوجوانوں کو شہید کر دیا جس کے بعد3دن میں شہادتیں 6ہوگئی ہیں ۔بارودی سرنگ دھماکے میں بھارتی فوجی ہلاک ہو گیا ۔تفصیلات کے مطابق عیدالاضحیٰ کی آمد پر بھارتی فوج نے کشمیری نوجوانوں کی گرفتاریوں اور قتل و غارت گری میں بھی شدت پیدا کر دی جس پر کشمیریوں نے شدید احتجاج کیا ۔کشمیری تنظیموں نے عید سے قبل تمام نظر بندوں کی رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔ ادھر تحریک حریت کے چیئرمین محمد اشرف صحرائی نے پاکستانی وزیر اعظم عمران خان کو مبارکباد پیش کی ہے۔بھارتی فوج نے دونوں کشمیری نوجوانوں کو ضلع کے علاقے اڑی میں تلاشی اور محاصرے کی ایک کارروائی کے دوران شہید کیا۔ گزشتہ روز بھی اسی علاقے میں بھارتی فوجیوں نے ایک جبکہ ہفتے کو3نوجوان شہید کیے تھے جس سے گزشتہ 3 دن کے دوران شہید ہونے والے نوجوانوں کی تعداد بڑھ کر 6 ہو گئی ہے۔بھارتی فورسز نے گھروں پر چھاپوں کے دوران گاندربل اور کپواڑہ سے نوجوان کارکنوں عرفان احمد میر ، عاشق حسین بابا ، ارشاد احمد اور فیروز احمد کو گرفتار کر لیا۔

Comments (0)
Add Comment