کراچی (اسٹاف رپورٹر) بیرون ملک مقیم پاکستانی بڑے پیمانے پر لیاری میں قربانی کا گوشت تقسم کرائیں گے ، یو کے اسلامک مشن، ہیلپنگ ہینڈ یو ایس اے ،دعا فانڈیشن، اخلاص ویلفیئر اور الخدمت نے درجنوں کی تعداد میں جانور امانتا ًرکن صوبائی اسمبلی کے سپرد کر دیئے، جو انہیں وہیں ذبح کرنے کے بعد غربا میں گوشت تقسم کریں گے۔ تفصیلات کے مطابق پہلی بار لیاری میں بڑے پیمانے پر فی سبیل اللہ قربانی کا گوشت غربا میں تقسم کیا جائے گا جس کیلئے امریکہ ، دبئی، ابوظہبی ، کینیڈا ، لندن اور دیگر ممالک سے درجنوں افراد نے جانوروں کےپیسے لیاری بھجوائے ہیں ، وہیں یو کے اسلامک مشن، ہیلپنگ ہینڈ یو ایس اے ،دعا فاؤنڈیشن، اخلاص ویلفیئر اور الخدمت نے بھی درجنوں قربانی کے جانور لیاری سے منتخب رکن اسمبلی سید عبدالرشید کو بھجوائے ہیں، جو انہیں لیاری میں ذبح کرنے کے بعد غربا میں گوشت کی تقسیم بھی کرائیں گے۔ امّت نے رکن اسمبلی سید عبدالرشید سے بات کی تو انہوں نے کہا کہ بیرون ملک مقیم کئی پاکستانیوں نے فی سبیل اللہ قربانی کے لئے جانور بھجوائیں ہیں اور کئی پاکستانیوں نے قربانی کے لئے پیسے بھجوائیں ہیں تاکہ گوشت لیاری کے غربا میں تقسیم کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ ان تمام تنظیموں اور افراد نے تمام قربانیاں مجھے امانتاً سپرد کی ہیں تاکہ میں مستحق افراد میں گوشت تقسیم کر دوں۔