سرجانی میں غیرت کے نام پر شہری قتل-ہوٹل مالک نے دکاندار ماردیا

کراچی (اسٹاف رپورٹر)سرجانی میں غیرت کے نام پرایک شخص قتل کردیا گیا ، پولیس نے ملزم گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا۔کورنگی میں ہوٹل مالک نے پانی کا گلاس مانگنے پر دکاندار کو مار ڈالا- تفصیلات کے مطابق سرجانی ٹاؤن کے علاقے خداکی بستی فیز 2 میں گھر کے پاس بیٹھے 45 سالہ سہیل ولد خوشی پر ملزم افتخار مسیح نے فائرنگ کردی، جس سےوہ موقع پر ہلاک ہوگیا۔ اطلاع ملنے پر پولیس نے ملزم کو گرفتار کرکے لاش کو قانونی کارروائی کیلئے قریبی اسپتال پہنچایا۔ ایس ایچ او نصراللہ نے امت کو بتایا کہ ملزم نے بیان دیا ہے کہ مقتول کے اسکی بیوی سے ناجائز تعلقات تھے، جس پر اس نےسہیل کوقتل کردیا۔ کورنگی صنعتی ایریا تھانے کی حدود مہران ٹاؤن روٹ نمبر ڈی 11 کے آخری اسٹاپ کے قریب واقع کوئٹہ شاہ جی ہوٹل سے اس کے قریبی پرچون دکاندار نے پانی کا گلاس مانگا، جس پر ہوٹل مالک اور دکاندار میں جھگڑا ہوگیا۔ ایس ایچ او جمال لغاری کے مطابق ہوٹل مالک نے معمولی جھگڑے پر10 ساتھیوں کو بلوا لئے،جس میں لاٹھیاں اور گولیاں چلنے سے پرچون دکاندار17 سالہ صدام چانڈیو ولد رمضان چانڈیو ہلاک اور 39 سالہ امیر علی ولد عثمان زخمی ہوگئے، واقعے سے علاقے میں خوف وہراس پھیل گیا اور دکانیں بند ہوگئیں۔

Comments (0)
Add Comment