کراچی(عظمت علی رحمانی)عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت مدارس کے طلبہ کے لئے عیدالاضحی کی چھٹیوں میں 26 اگست سے 3 روزہ تحفظ ختم نبوت ورکشاپ کا انعقاد کرے گی۔گزشتہ 10 برس سے نمائش چورنگی مرکزی دفتر میں اسکول ،کالج ،یونیورسٹی اور مدارس کے طلبہ کو 3 روزہ خصوصی کورس کرایا جاتا ہے۔سالانہ چھٹیوں میں چناب نگر میں 30 روزہ کورس کرایا جاتا ہے۔تفصیلات کے مطابق عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت کے تحت شہر کے مختلف علاقوں میں مولانا یوسف لدھیانوی شہید کے دور سے اب تک ختم نبوت شارٹ کورس کرائے جارہے ہیں۔گزشتہ 10 برس سے مرکزی دفتر عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت پرانی نمائش چورنگی میں بھی اسکول کالج، یونیورسٹی اور مدارس کے طلبہ کیلئے 5 روزہ اور 3 روزہ تحفظ عقیدہ ختم نبوت ورکشاپ منعقد کی جاتی ہے،جس سے ہزاروں طلبہ فائدہ اٹھاچکے ہیں۔اس کے علاوہ کراچی ڈویژن میں ٹاؤنز اور یونین کونسلز کی سطح پر ہفتہ وار کورس کرایا جاتا ہے، جس میں مقامی علماء، پروفیسرز، ذمہ داران اور مرکزی مبلغین لیکچر دیتے ہیں۔مدارس کے طلبہ کی عید الاضحی کی چھٹیوں کو قیمتی بنانے کے لئے مرکزی دفتر میں 3 سے 5 روزہ ورکشاپ میں سیکڑوں طلبہ شریک ہوتے ہیں۔اب تک ہزاروں طلبہ ورکشاپ مکمل کرچکے ہیں، جن کو ورکشاپ کے اختتام پر باقاعدہ کتابچے اور سرٹیفکیٹ بھی دیاجاتا ہے۔اس کے علاوہ مرکزی دفتر میں ہر اسلامی ماہ کی تیسری جمعرات کو ماہانہ ختم نبوت تربیتی نشست کا اہتمام بھی کیا جاتا ہے ۔اسی نوعیت کا ایک 20 روزہ کورس مدارس کی سالانہ تعطیلات میں چناب نگر میں بھی منعقد کیا جاتا ہے، جہاں پر اب تک 37 کورس کرائے جاچکے ہیں، جس سے لاکھوں افراد مستفید ہوچکے ہیں۔اس کورس میں مرکزی قائدین میں سے مولانا لال حسین اختر، مولانا محمد حیات، مولانا عبدالرحیم اشعر، مولانا یوسف لدھیانوی شہید ،علامہ امین صفدر اوکاڑوی سمیت دیگر اکابر علما شرکت کرتے رہے ہیں۔چناب نگر کے ختم نبوت دفتر میں منعقد کردہ کورس میں مولانا اللہ وسایا، مولانا اسماعیل شجاع آبادی،مولانا زاہدالراشدی،مولانا محمد اکرم طوفانی، مفتی محمد انور، پروفیسر عمران، پروفیسر علی اصغر، مولانا بشیر احمد الحسینی,، مفتی راشد مدنی اور دیگر مذہبی قیادت اور اکابرین لیکچر دیتے ہیں۔اس کے علاوہ عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت کی جانب سے گھریلو خواتین، اسکول، کالج، یونیورسٹی، مدارس کے طالبات کیلئے لٹریچر کی ترسیل کے علاوہ ختم نبوت خط و کتابت کورس کی ترتیب ہوتی ہے اور اس خط وکتابت کورس سے مستفید ہونے والوں کی تعداد ایک لاکھ سے تجاوز کرچکی ہے ۔
٭٭٭٭٭
کراچی(اسٹاف رپورٹر)سید عطا للہ شاہ بخاری کے یوم وفات کے حوالےسے عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت کے رہنماؤں کا کہنا ہے کہ شاہ جی کے اخلاص نے آج قادیانیت کے کفر سے مسلم امہ تک آگاہی پہنچائی ہے ۔ کراچی مرکز کے ناظم رانا محمد انور کا کہنا ہے کہ شاہ جی نے مسلمانوں میں حرمت رسول پر مر مٹنے کا جذبہ پیدا کیا۔مرکزی رہنما مولانا محمد اکرم طوفانی کا کہنا ہے کہ شاہ جی امت مسلمہ کے عظیم ہیرو ہیں۔مولانا اللہ وسایا کا کہنا ہے کہ ان کی خدمات اور کارنامے رہتی دنیا تک یاد رکھے جائیں گے۔مفتی شہاب الدین پوپلزئی کا کہنا ہے کہ شاہ جی کی شخصیت قابل تقلید ہے اور انکا کردار قابل تحسین ہے ، ضلع جنوبی کے نگران مولانا محمد کلیم اللہ کا کہنا ہے کہ شاہ جی کی زندگی ناموس رسالتؐ کی چوکیداری اور امت محمدی کو عقیدہ ختم نبوت کے درس وفکر میں گزری ہے ۔
٭٭٭٭٭