کراچی(اسٹاف رپورٹر)رینجرز سندھ نے عید الضحیٰ کے حوالے سے سیکیورٹی کے انتظامات مکمل کرلیے، جب کہ شہر بھر میں کھالوں کے حوالے سے بینرز بھی لگادیے۔بینرز پر ’’ کیا شہری جانے انجانے میں دہشتگردی کے فروغ کا باعث تو نہیں بن رہے، عسکری ونگ والی جماعتوں کو کھالیں دینا دہشتگردی کو فروغ دینے کے مترادف ہے، فرقہ واریت میں ملوث اور کالعدم تنظیموں کو کھالیں دینا بھی ایسی سرگرمیوں کے مترادف ہے، شہری کھال دینے سے پہلے اسکے صحیح استعمال کا اطمینان کرلیں۔ اگر کوئی بھی جبرا کھالوں کا تقاضہ کرے تو فوری رینجرز کو اطلاع دیں جملے تحریر تھے۔دوسری جانب رینجرز نے عید پر دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ ملکر صوبے بھر میں امن وامان کی صورت حال کو یقینی بنانے کے لیے سیکورٹی کے انتظامات کو حتمی شکل دے دی ہے۔عید تمام ادارے ہائی الرٹ رہیں گے۔مزید برآں حکومت سندھ کی جانب سے ترتیب دئیے گئے ضابطہ اخلاق کی پاسداری کو یقینی بنایا جائےگا۔قربانی کی کھالوں کی جمع گاہوں اور وہاں سے ان کی اجتماعی جمع گاہوں تک ترسیل کی بھی خصوصی نگرانی کی جائے گی۔اس کے علاوہ صوبائی حکومت کی طرف سے دئیے گئے خصوصی احکامات کی روشنی میں قانون نافذ کرنے والے ادارے اس بات کو بھی یقینی بنائیں گے کہ کسی بھی شخص کو لائسنس یافتہ یا غیر قانونی اسلحہ ،ڈنڈے ،لاٹھیاں اور سلاخیں لے کر چلنے کی اجازت نہیں ہوگی۔رینجرز نے عوام سے اپیل کی ہے کہ اخوت اور بھائی چار گی کی فضا ءکو قائم رکھیں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ بھر پور تعاون کریں۔