کراچی(اسٹاف رپورٹر)آئی جی نے سندھ پولیس کی مراعات پنجاب پولیس کے مساوی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔سینٹرل پولیس آفس کراچی میں آئی جی سندھ امجد جاوید سلیمی کی زیر صدارت محکمہ جاتی اجلاس ہوا، جس میں اہم فیصلے کیے گئے۔فیصلوں کے مطابق سندھ پولیس کی مراعات پنجاب پولیس کے مساوی کرکے انہیں دیگر سہولیات مہیا کی جائیں گی۔ اجلاس میں پولیس اہلکاروں کے دو بچوں کی شادی کے لیے گرانٹ 50ہزار سے بڑھا کر ایک لاکھ کر دی گئی جبکہ ریٹائرمنٹ پر الاؤنس 15اور 25ہزار سے بڑھا کر بنیادی تنخواہ کے برابر کردیاگیا۔اہلکاروں کے بچوں کو 65فیصد نمبر لینے پر مکمل اسکالرشپ دی جائے گی، جبکہ موذی بیماری کی صورت میں امداد ایک لاکھ سے بڑھا کر 10لاکھ کی گئی ہے۔فرائض کے دوران قانونی مسائل اور مقدمات کی صورتحال میں امداد 5 لاکھ تک کر دی گئی ہے ۔ڈیوٹی کے دوران مستقل معذوری کی صورت میں اہلکاروں کو مخصوص موٹرسائیکلیں دی جائیں گی۔ اس کے علاوہ بیوہ فنڈ کو 3ہزار سے بڑھا کر5 ہزار روپے کردیا گیا، جسے آن لائن ادا کرنے کی بھی منظوری دی گئی ہے۔ اجلاس میں 3سالوں میں انتقال اور جاں بحق اہلکاروں کی امدادی رقوم کے لیے کوائف جمع کرنے کا فیصلہ کیا گیا اور ساتھ ہی پولیس ملازمین کی انشورنس کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔ اجلاس میں مزید فیصلہ کیا گیا کہ پولیس اہلکاروں کی رہائش گاہ کے لیے وزیر اعلیٰ سندھ سے باقاعدہ درخواست کی جائے گی۔ آئی جی سندھ نے اے آئی جی ویلفیئر کو 7روز میں سفارشات پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔