کوہاٹ (نمائندہ امت) تحریک انصاف کے ایک اور رکن صوبائی اسمبلی نے شہری کو تشدد کا نشانہ بنایا۔ سرکاری اسپتال کے ملازم نے تحریک انصاف کے رکن خیبر پختون اسمبلی ضیا اللہ بنگش پر سر عام تشدد کا الزام لگایا ہے۔ کوہاٹ میں سرکاری اسپتال کے فارمیسی ٹیکنیشن کامل حسین نے پریس کانفرنس کے دوران الزام عائد کیا کہ 3 روز قبل پی ٹی آئی کے ایم پی اے ضیا اللہ بنگش اپنے ساتھیوں کے ہمراہ ایمرجنسی وارڈ میں داخل ہوئے۔ انہوں نے پہلے ڈیوٹی پر موجود اہلکار کے بارے میں پوچھا پھر ضیا اللہ بنگش، ان کے بھائی اور دیگر ساتھیوں نے مل کر مجھے تشدد کا نشانہ بنانا شروع کردیا۔ کامل حسین نے کہا کہ مجھ پر پی ٹی آئی رکن اسمبلی نے سرعام ظلم کیا۔ 3 دن ہوگئے انصاف نہیں ملا، مجھ پر ضیا اللہ بنگش اور ان کے ساتھیوں کے تشدد کی سی سی ٹی وی ویڈیو بھی موجود ہے، لیکن بااثر ایم پی اے نے پولیس پر دباؤ ڈال کر سی سی ٹی وی فوٹیج کسی کو نہ دینے کا کہا ہے، حکومت وقت سے اپیل ہے، مجھے انصاف دلائے۔