خوشحالی کیلئے پاکستان ۔بھارت کو مزاکرات اورتجارت کرنا ہو گی ۔عمران خان

اسلام آباد(نمائندہ امت/مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہےکہ مستقبل کی جانب پیش قدمی کے لیے بھارت اور پاکستان کو مذاکرات کرنا ہوں گے اور کشمیر سمیت تمام تصفیہ طلب معاملات کا حل نکالنا ہوگا۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ میری تقریب حلف برداری کیلئے پاکستان آنے پر میں سدھو کا مشکور ہوں، وہ امن کا پیامبر بن کرآیا جسے پاکستانی عوام نے بے پناہ محبت اور پیار دیا۔انہوں نے کہا کہ بھارت میں جو لوگ سدھو کے خلاف تلواریں سونتے ہوئے ہیں وہ حقیقت میں برصغیر کے امن پر حملہ آور ہیں جس کے بغیر ہمارے لوگوں کی ترقی ممکن نہیں۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ غربت مٹانے اوربرصغیر کے عوام کی زندگیوں میں بہتری لانے کا آسان ترین نسخہ ہے کہ بات چیت کے ذریعے تنازعات حل کیے جائیں اور باہم تجارت کا آغاز کیا جائے۔ دریں اثنا وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے بھارت کا بڑا طبقہ سمجھتا ہے کہ بھارت کو اپنی پالیسی تبدیل کرنا ہوگی، بھارتی جارحانہ پالیسی سے نتائج حاصل نہیں ہوئے۔انہوں نے کہا مسئلہ کشمیر حل کرنے کی ذمہ داری دونوں ممالک کی ہے اس لیے بھارت کی بھی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنی پالیسی پر نظر ثانی کرے۔

Comments (0)
Add Comment