کراچی (اسٹاف رپورٹر) پیپلزپارٹی کی قیادت نے عیدالاضحیٰ کے بعد سندھ کابینہ میں توسیع کا فیصلہ کیا ہے۔27سے30اگست کے دوران کابینہ میں توسیع کے موقع سے مستفید ہونے کے لئے پیپلزپارٹی کے مختلف اراکین اسمبلی نے بھاگ دوڑ شروع کردی ہے۔باخبر ذرائع کا کہنا ہے کہ پیپلزپارٹی کی قیادت چاہتی ہے کہ صوبائی حکومت کی کارکردگی اور حکومتی امور سے متعلق ماضی کی غلطیوں اور بدانتظامی کو دہرانے کے بجائے گڈ گورننس پر توجہ دی جائے۔ کابینہ میں توسیع کے دوران جنرل نشستوں پر کامیاب ارکان کو زیادہ اہمیت دی جائے گی۔ بشیر احمد بجارانی کے والد مرحوم ہزار خان بجارانی اور مخدوم محبوب الزمان کے والد مخدوم جمیل الزمان سابق دور حکومت میں وزیررہ چکے ہیں۔ ذرائع نے بتایا کہ کابینہ میں 10 نئے وزرا،3 مشیروں،5 سے 7 معاونین خصوصی کے نام زیر غور ہیں ۔پارٹی کے سینئر رہنما بھی اپنے پسندیدہ اراکین کیلئے لابنگ میں مصروف ہیں۔ ذرائع کے مطابق کابینہ میں جن اراکین کو وزرا، مشیروں اور معاونین خصوصی کی حیثیت سے شامل کیا جاسکتا ہے ان میں ناصر حسین شاہ، جام خان شورو، نادر مگسی، سردار چانڈیو، ندا کھوڑو، راناہمیر سنگھ ، اویس شاہ، جام مدد علی، امتیاز شیخ، فیاض بٹ، ارباب لطف اللہ، محمد قاسم سراج، ممتاز جکھرانی، مکیش کمار چاولہ، مرتضی بلوچ، گیان چند، بیرسٹر مجیب الرحمان، ریاض شاہ شیرازی، سہیل انور سیال و دیگر کے نام شامل ہیں۔