پشاور(نمائندہ خصوصی) افغان حکومت نے انس حقانی کے علاوہ دیگر طالبان قیدیوں کی رہائی پر رضا مندی ظاہر کر دی ہے جبکہ حقانی نیٹ ورک کے جنگجوؤں نے انس حقانی کی عدم رہائی پر سنگین نتائج کی دھمکی دی ہے ۔افغان وزارت داخلہ کے مطابق افغان صدر کے حکم پر حکومت نے افغان طالبان سے ان کے قیدیوں کی فہرستیں طلب کرلی ہیں اور افغان حکومت تین مہینے کی جنگ بندی کو موثر بنانے اور مذاکرات کیلئے طالبان کو مزید دباؤ میں لانے کیلئے ان کے قیدیوں کی رہائی پر غور کر رہی ہے تاہم اس رہائی میں حقانی نیٹ ورک کے سربراہ سراج الدین حقانی کے بھائی انس حقانی شامل نہیں ہوں گے جس پر حقانی نیٹ ورک کے جنگجوؤں نے کابل کی اینٹ سے اینٹ بجانے کی دھمکی دی ہے ۔قیدیوں کی رہائی سے افغان طالبان پر بات چیت کیلئے مزید دباؤ بڑھ جائے گا ۔