عید پر مقبوضہ کشمیر بھر میں غیر اعلانیہ کرفیو نافذ

لاہور(نمائندہ امت )بھارتی فوج نے عید الاضحیٰ کے موقع پر سکیورٹی انتظامات کے نام پر پورے کشمیرکوفوجی چھاؤنی میں تبدیل کر کے کرفیو کی کیفیت پیدا کر دی ہے جبکہ سری نگر اور دیگر حساس علاقوں میں اضافی نفری تعینات کر دی گئی ہے۔تاریخی جامع مسجد سری نگراور دوسرے اہم مقامات کی طرف جانے والے راستوں میں جگہ جگہ رکاوٹیں کھڑی کر کے چیکنگ کے نام پر کشمیریوں کو ہراساں کیا جارہا ہے۔ بھارتی فورسز پر پتھراؤ کے الزام میں قید کشمیری نوجوانوں کو عید پر بھی رہا نہیں کیا گیا جس پر مقامی کشمیریوں نے شدید احتجاج کیا ہے۔ بزرگ کشمیری قائد سید علی گیلانی، میر واعظ عمر فاروق اور محمد یٰسین ملک نے نظربندوں کو رہانہ کئے جانے پر شدید ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ مذہبی تہواروں کے موقع پر تمام ممالک کے حکمران قیدیوں کورہاکر کے انسانی اقدار کے احترام کا ثبوت فراہم کرتے ہیں، تاہم دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت کے دعویدار بھارت کے حکمرانوں کی طرف سے مقبوضہ کشمیر میں عیدالا ضحی کے پر مسرت موقع پر بھی حریت رہنماؤں اور نہتے کشمیریوں کی گرفتاریوں کا سلسلہ جاری ہے۔ عید کے پرمسرت موقع پر بھی کشمیریوں کے گھروں چھاپے مار کر توڑ پھوڑ اور عام لوگوں کو ہراساں کیا جارہا ہے۔ ریاستی انتظامیہ کی ہدایات پر جموں کشمیر کے تمام اضلاع میں ڈپٹی کمشنروں اور ایس ایس پی وغیرہ کو بھی صورتحال پر کڑی نگاہ رکھنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ بھارتی انتظامیہ کی جانب سے بزرگ کشمیری قائد سید علی گیلانی سمیت گرفتار اور نظربند کئے گئے دوسرے لیڈروں کو بھی رہا نہیں کیا گیا۔ دختران ملت جموں کشمیر کی چیئرمین سیدہ آسیہ اندرابی ، فہمیدہ صوفی اور ناہیدہ نسرین اس مرتبہ عید قربان نئی دہلی کی تہاڑ جیل میں گزاریں گی۔ سیدہ آسیہ اندرابی اس سے قبل بھی متعدد مرتبہ جیل میں عیدیں گزار چکی ہیں جبکہ ان کے شوہر ڈاکٹر محمد قاسم بھی طویل عرصہ سے قید میں ہیں اور انہیں تاحیات عمر قید کی سزا سنائی گئی ہے۔ حریت قائدین سیدعلی گیلانی، میر واعظ عمر فاروق اور محمد یٰسین ملک نے کہا ہے کہ حریت رہنماؤں محمد یوسف فلاحی، محمد حسین وگے اور ظہور احمد بٹ کوچھٹی مرتبہ کالاقانون پبلک سیفٹی ایکٹ لاگو کرکے انہیں سری نگر سینٹر ل جیل منتقل کر دیاگیا ہے۔انہوں نے این آئی اے کی طرف سے غیر قانونی طورپر گرفتار کئے گئے حریت رہنماؤں شبیر احمد شاہ،آسیہ اندرابی، فہمیدہ صوفی ، ناہیدہ نسرین،پیر سیف اللہ،الطاف احمد شاہ، ایاز اکبر ،راجہ معراج الد ین کلوال، شاہد ا لا سلام ،شاہد یوسف، نعیم احمد خان ،فاروق احمد ڈار، ظہور احمد وٹالی ،محمد اسلم وانی کے علاوہ ڈاکٹر غلام محمد بٹ اور مظفر احمد ڈاروغیرہ گزشتہ 19برس سے نظربند ہیں‘کی فوری رہائی کا مطالبہ کیاہے۔حریت کانفرنس کے قائدین نے کشمیر ی لیڈروں مسرت عالم بٹ،،ڈاکٹر محمد شفیع شریعتی اوردیگر کی مسلسل غیر قانونی نظربندی کی مذمت کرتے ہوئے انکی عظیم قربانیوں کو تحریک آزادی کشمیر کا بیش قیمت اثاثہ قرار دیااور انہیں صبر و استقلال کامظاہرہ کرنے پر خراج تحسین پیش کیاہے۔

Comments (0)
Add Comment