متحدہ نے صدارتی انتخاب میں عارف علوی کی حمایت کردی

کراچی(ایجنسیاں) متحدہ قومی موومنٹ پاکستان نے صدارتی انتخاب میں تحریک انصاف کے امیدوار ڈاکٹر عارف علوی کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔ عارف علوی صدارتی ووٹ مانگنے کیلئے متحدہ پاکستان کے مرکز بہادر آباد پہنچے۔ انہوں نے متحدہ پاکستان کے رہنماؤں سے ملاقات کی۔ ملاقات کے بعد ایم کیو ایم رہنماؤں کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے عارف علوی نے کہا کہ ایم کیو ایم رہنماؤں سے سندھ اور کراچی کے مسائل پر بات کی۔ نئے پاکستان سے متعلق عوام ہماری طرف دیکھ رہی ہے، کراچی کے مسائل کو حل کرنا ہماری ضرورت ہے، بلدیاتی اداروں کے اختیارات سے متعلق ایم کیو ایم کی پٹیشن کی مکمل حمایت کریں گے۔عارف علوی نے کہا کہ ماضی کے صدور کے مقابلے میں بہتر کارگردگی دکھانے کی کوشش کروں گا، کراچی اور دیگر شہری مسائل کے حل کی یقین دہانی کرائی ہے، سندھ لوکل گورنمنٹ ایکٹ آئین کی عکاسی نہیں کرتا۔ اس موقع پر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ عارف علوی کو پہلے مایوس کیا نہ ہی آئندہ کریں گے۔تحریک انصاف کے ساتھ جو تعاون قومی اسمبلی میں کیا وہ ہر جگہ جاری رہے گا، دماغ سے زیادہ دل کہتا ہے حالات تبدیل ہورہے ہیں۔ بہتر پاکستان کے لیے مل کر کام کریں گے، کراچی کی بہتری ملک کی بہتری ہے، کراچی کو جو وسائل ملتے ہیں وہ لوٹ کر پورے پاکستان کو ملتے ہیں، بہتر کراچی ہی بہتر پاکستان ہے، ہمارا پی ٹی آئی سے تعاون آگے بھی جاری رہے گا۔ ادھر الیکشن کمیشن کے مطابق صدارتی انتخاب کے لیے پولنگ 4ستمبر کو ہوگی اور پولنگ کا وقت صبح 10بجے سے شام 4بجے تک ہوگا۔

Comments (0)
Add Comment