کراچی (اسٹاف رپورٹر) عید الاضحی کےپہلے روز لیاری میں پانچویں منزل سے گر کر خاتون جاں بحق ہوگئی ،پولیس نے واقعہ خودکشی قرار دیدیا عیدکے دوسرے روز نارتھ کراچی اور کورنگی میں2ا فراد نے گھریلوجھگڑوں کے بعد گلے میں پھندا ڈال کر خودکشی کرلی ،عیدکے تیسرے روز کلفٹن میں مبینہ طور پرایک شخص تیسری منزل سے کود گیا ۔ تفصیلات کے مطابق بغدادی تھانے کی حدود کھڈا مارکیٹ گلی نمبر 1 میں خاتون چھت سے گر کر شدید زخمی ہو گئی جسے ریکسیو ایمبو لنس کے ذریعے سول اسپتال منتقل کیا گیا ،جہاں دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑگئی ،پولیس کے مطابق متوفیہ کی شناخت 18سالہ ہدی ٰزوجہ شہباز کے نام سے ہوئی ہے ،متوفیہ کا شوہر سے جھگڑا چل رہا تھا جس پر دلبرداشتہ ہوکروہ پانچویں منزل سےکود گئی پولیس نے لاش ورثاءکے حوالے کرکے تفتیش شروع کردی۔نارتھ کراچی سکیٹر11اے کے رہائشی 15سالہ تنزیل نے گھروالوں سے ناراض ہو کر گلے میں رسی کا پھندا ڈال کر خودکشی کرلی ۔پولیس واقعہ سے لاعلمی کا اظہار کررہی ہے ۔کورنگی دارالعلوم کے قریب گھر سے 34سالہ امیر حمزہ کی پھندالگی لاش ملی پولیس کے مطابق متوفی نے گھریلو پریشانیوں سے تنگ آکر عیدکے دوسرے روز گلے میں پھندا ڈا ل کراپنی زندگی کا خاتمہ کرلیا ۔ بلاک 4کلفٹن میں واقع سی کیسل ون کی تیسری منزل سے48سالہ راجہ عاصم نےمبینہ طور پرچھلانگ لگا کر خودکشی کر لی۔ اسکی لاش پہلے ساؤتھ سٹی اسپتال اور بعد ازاں جناح اسپتال منتقل کی گئی۔ ایس ایچ او شکیل شیروانی نے بتایا کہ متوفی اپنی فیملی کے ساتھ اسی بلڈنگ کے ساتویں فلور کے فلیٹ میں رہتا تھا، انہوں نے بتایا کہ متوفی نے گھریلو جھگڑے کے بعد خودکشی کی ہے۔