اسلام آباد ( نمائندہ امت)عید تعطیلات کے دوران وفاقی دارالحکومت سے دو لڑکیوں کو اغوا کرلیا گیا ،معمولی جھگڑوں میں فائرنگ واقعات میں ایک نوجوان قتل جبکہ دوسرا شدید زخمی ہوگیا۔تفصیلات کے مطابق عید الاضحیٰ کے موقع پر وفاقی دارلحکومت میں قتل اور اقدام قتل کی وارداتوں نے ورثاء کی خوشیاں ماتم میں بدل دیں ۔مقتول کی والدہ (ر) بی بی نے تھانہ بھارہ کہو پولیس کو درخواست دیتے ہوئے موقف اپنایا کہ عید الاضحیٰ کے دوسرے روز ملزما ن عاقب اور واجد کی اس کے بیٹے کے ساتھ معمولی جھگڑا ہوا تھا تاہم ملزمان نے اس کے بیٹے کو پسٹل سے فائرنگ کر کے قتل کر دیا،بھارہ کہو پولیس نے مدعیہ کی درخواست پر مقدمہ درج کر لیا تاہم تاحال کسی بھی نامزد ملزم کو گرفتار نہیں کیا گیا۔ دوسری جانب جاوید حید ر نے تھانہ نون پولیس کو بتایا کہ عید کے پہلے روز ملزم عبداللہ کی اس کے بیٹے محمد ہادی کے ساتھ معمولی لڑائی ہوئی ،بعدازاں ملزم اپنے 6ساتھیوں کے ہمراہ مسلح ہو کر اس کے بیٹے پر حملہ آور ہوا اور پہلے مار پیٹ کی بعدازاں فائرنگ کر کے مدعی کے بیٹے کو شدید زخمی کر دیا ۔مدعی کی درخواست پر تھانہ نون پولیس نے مقدمہ تو درج کر لیا تاہم تاحال کسی نامزد ملزم کو گرفتار نہیں کیا ۔ادھر وفاقی دارالحکومت میں 2جواں سال لڑکیو ں کو اغواءکرلیا گیا۔ پولیس کی عدم توجہ نے لواحقین کی مشکلات اور پریشانی میں مزید اضافہ کر دیا۔محمد اجمل نے تھانہ گولڑہ پولیس کو درخواست دیتے ہوئے موقف اپنایا کہ ملزمان محمد ریاض اورعثمان نے اس کی بیٹی(ش) کو اغواء کیاہے تھانہ گولڑہ پولیس نے ایک ماہ بعد مقدمہ درج کر لیا دوسری جانب شفاقت مسیح نے تھانہ کراچی کمپنی پولیس کو بتایا کہ ملزم عدیل مسیح نے اپنے 4ساتھیوں کے ساتھ مل کر اس کی بیوی سونیا کو اغواء کر لیا۔ وفاقی پولیس نے دونوں درخواستوں پر مقدمات درج کر لیئے تاہم تاحال کسی نامزد ملزم کو گرفتار نہیں کیا گیا ۔علاوہ ازیں عیدالا ضحی کی چھٹیوں میں وفاقی دارلحکومت میں چوری کی 2وارداتوں کے دوران شہری موٹرسائیکل اور نقدی سے محروم ہو گئے ۔منور خورشید نے تھانہ بھارہ کہو پولیس کو بتایا کہ نامعلوم ملزمان نے اس کا موٹرسائیکل نمبر RIL-3854 چوری کر لیا ہے ۔جبکہ محمد اسماعیل نے تھانہ شمس کالونی پولیس کو بتایا کہ نامعلوم ملزمان نے مویشی منڈی میں اس کی جیب سے جانور خریدنے کے لئے لائی گئی نقدی چوری کر لی جس باعث مدعی کو بغیر قربانی کا جانور لئے گھر لوٹنا پڑا ۔وفاقی پولیس نے دونوں درخواستوں پر مقدمے درج کر لئے۔