کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) کراچی سے اسلام آباد جانے والی پرواز کے مسافروں نے پی آئی اے انتظامیہ کے خلاف احتجاج کیا اور نعرے بازی کی ۔ تفصیلات کے مطابق پی آئی اےانتظامیہ نے کراچی سے اسلام آباد جانے والی پرواز پی کے 370 کے مسافروں کو 3گھنٹے قبل ایئر پورٹ پہنچنے کے پیغامات بھیجے جس پر تمام مسافر شام 6بجےجناح انٹر نیشنل ایئر پورٹ پہنچ گئے ، مسافر ٹکٹ ظاہر کر کے بورڈنگ کارڈ کے لئے کاؤنٹر پر پہنچے تو معلوم ہوا کہ طیارہ ابھی تک ایئر پورٹ نہیں پہنچا ، ایک گھنٹہ انتظار کے بعد جب فلائٹ کا وقت ہوا تو مسافروں نے احتجاج شروع کرد یا اور انتظامیہ کے خلاف شدید نعرے بازی کی ۔ مذکورہ فلائٹ کی روانگی میں حد درجہ تاخیر پر پی آئی اے ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پرواز پی کے 370بعض آپریشنل اور تکنیکی وجوہات کی بناء پر تاخیر کا شکار ہے اور یہ پرواز اب رات 12بجکر 45منٹ پر روانہ ہو گی ، پرواز پونے 5گھنٹے تاخیر کا شکار ہے جس پرایئر لائن انتظامیہ معذرت خوا ہ ہے۔