مشترکہ صدارتی امیدوار کیلئےاپوزیشن کی اے پی سی آج ہوگی

اسلام آباد(خبر ایجنسیاں/مانیٹرنگ ڈیسک )صدارتی انتخاب کےلئے مشترکہ امیدوار لانے کی اپوزیشن کی کوششیں تیز ہوگئیں،شہباز شریف کی زیر صدارت حزب اختلاف کی آل پارٹیز کانفرنس آج مری میں ہوگی۔ذرائع کےمطابق اپوزیشن کی اے پی مسلم لیگ (ن)کے صدر شہبازشریف کی رہائشگاہ پرہوگی جس میں صدارتی انتخاب کے لئے مشترکہ امیدوار لانے کا معاملہ زیر بحث آئے گا جبکہ پیپلز پارٹی اپنا صدارتی امیدوارلانے کے لئے دیگرجماعتوں کوقائل کرے گی۔ پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما خورشید شاہ نے اس حوالے سے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے رابطہ کیا ہے اور اپوزیشن کی طرف سے مشترکہ صدارتی امیدوارلانے پر بات چیت کی ہے۔آل پارٹیز کانفرنس میں پیپلز پارٹی ،مسلم لیگ ن ، متحدہ مجلس عمل ،عوامی نیشنل پارٹی ،پختونخوا میپ اور دیگر پارٹی رہنما شرکت کریں گے ۔ پیپلز پارٹی کے رہنما فرحت بابر کے مطابق 2014 میں ن لیگ کی جمہوریت کو خطرہ ہوا تو اعترازاحسن جمہوریت کے دفاع میں سب سے آگے تھے۔ صدارتی امیدوار کیلئے ابھی حتمی فیصلہ پارٹی نے نہیں کیا۔انہوں نے اعتراف کیا کہ (ن )لیگ اور پیپلزپارٹی کے درمیان تلخیاں ہیں۔ اس حوالے سے ن لیگ کے رہنما اور سابق وزیر قانون پنجاب رانا ثناء نے بتایا کہ تمام اپوزیشن جماعتوں کو متفقہ طور پر فیصلہ کرنے کی ضرورت ہے۔عید کے بعد پہلا جلسہ راولپنڈی میں ہوگا جس میں تمام اپوزیشن جماعتوں کو دعوت دی جائیگی۔

Comments (0)
Add Comment