کراچی/ اسلام آباد (اسٹاف رپورٹر) وفاق المدارس العربیہ کے قائدین مولانا ڈاکٹر عبدالرزاق اسکندر، مولانا انوار الحق، مفتی محمد رفیع عثمانی اور مولانا محمد حنیف جالندھری نے بہاولپور سمیت ملک کے دیگر علاقوں میں مدارس کے کھالیں جمع کرنے والے طلبہ کے خلاف ہونے والی پولیس گردی کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ قربانی کی کھالیں جمع کرنے والوں پر یلغار افسوسناک اور قابل مذمت ہے۔ مدارس کے بچوں کے خلاف ہونے والی پولیس گردی نے وزیر اعظم عمران خان کے مدارس بارے بیانات کی قلعی کھول دی ہے اور نئی حکومت کے مدارس کے بارے میں عزائم کو بے نقاب کر دیا ہے۔ بہاولپور سمیت ملک کے دیگر حصوں میں پولیس گردی، مقدمات اور دیگر اقدامات پر جلد لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس اور سی ٹی ڈی کے اہلکاروں کی مدارس کے طلبہ پر یلغار، کیمپ اکھاڑنے، علما و طلبہ کی گرفتاریوں اور علما کرام کے خلاف مقدمات کے اندراج نے ظلم کی نئی تاریخ رقم کی ہے۔ عمران خان اس صورت کا فوری نوٹس لیں۔