کراچی (خبرایجنسیاں)متحدہ قومی موومنٹ پاکستان نے سینئر رہنما امین الحق کیلئے وفاقی کابینہ میں وزارت اور ضمنی الیکشن میں عمران خان کی خالی کردہ نشست مانگ لی ہے ۔ تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے وفاقی کابینہ میں توسیع کا فیصلہ کر لیا ہے ۔اگلے مرحلے میں متحدہ نے اورنگی ٹاؤن سے منتخب رکن قومی اسمبلی امین الحق کو وزارت سمندر پار پاکستانی قلم دان کیلئے نامزد کر دیا ہے۔امین الحق ایم کیو ایم کے پہلے سیکریٹری اطلاعات و رکن قومی اسمبلی رہ چکے ہیں ۔پہلے ہی متحدہ کو 2 وزارتیں ملنے پر نالاں پی ٹی آئی کے رہنما متحدہ کو مزید ایک اور وزارت ملنے پر پی ٹی آئی کراچی کی قیادت شدید تحفظات و ناراضگی کا شکار ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ایم کیو ایم نےپی ٹی آئی سے عمران خان کی خالی کردہ قومی اسمبلی کی نشست 243 بھی مانگ لی ہے ۔ اس نشست کا مطالبہ پی ٹی آئی کے وفد سے کیا گیا جو صدارتی امیدوار ڈاکٹر عارف علوی کی سربراہی میں اپنی حمایت کیلئے متحدہ کے دفتر بہادر آباد پہنچا تھا۔تحریک انصاف کے وفد نے متحدہ کے وفد سےصدر کے عہدے کیلئے ڈاکٹر عارف علوی کی حمایت کرنے کی استدعا کی ۔ پی ٹی آئی کے وفد سے ایم کیو ایم قیادت نے اس موقع پر مطالبہ کیا کہ وہ عمران خان کی خالی کردہ این اے 243پر ایم کیو ایم کے امیدوار کی حمایت کریں، اس کے بدلے میں متحدہ ڈاکٹر عارف علوی کی نشست پر پی ٹی آئی کے امیدوار کی حمایت کرے گی۔ اطلاعات کے مطابق پی ٹی آئی نے ایم کیو ایم کو فوری یقینی دہانی کرانے سے معذرت کر لی اور قیادت سے مشاورت کے بعد فیصلے سے آگاہ کرنے کی یقین دہانی کرائی۔