پابندی کے باوجود منچلے ساحل سمندر پر نہاتے رہے – 80 گرفتار

کراچی(اسٹاف رپورٹر) عید الاضحیٰ کی تعطیلات میں شہریوں کی بڑی تعداد نے تفریح کی غرض سے ساحل سمندر کا رخ کیا، تاہم پابندی کے باوجود منچلے نوجوان نہاتے رہے جس پر پولیس نے 80 سے زائد نوجوانوں کو گرفتار کرلیا ۔جب کہ سی وی پر لائٹس بند ہونے کی وجہ سے تفریح کے لئے آنے والے خاندان پریشان دکھائی دیئے،عید ایام میں ساحل سمندر اوباش لوگوں کی آماج گاہ بنا رہا ۔دوسری جانب پکنک کیلئے گڈانی جانے سے روکنے پر شہریوں نے پولیس کیخلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔تفصیلات کے مطابق عیدالاضحی کے پہلے ، دوسرے اور تیسرے روز ہاکس بے اور سی ویو پر سمندر میں نہانے والے 80سے زائد شہریوں کو دفعہ 144کے خلاف ورزی کرنے پر گرفتار کرلیا گیا۔ ماری پور پولیس نے سمندر میں نہانے پر پابندی کی کے خلاف ورزی کرنے پر 32افراد کو گرفتار کرلیا ۔ دوسری جانب ساحل اور کلفٹن پولیس نے بھی وارننگ کے باوجود سمندر میں نہانے والے 60سے زائد شہریوں کو سمندر سے نکال کر گرفتار کرلیا۔ سروے کے دوران مشاہدے میں آیا کہ ساحلی تفریحی گاہ سی ویو پر لگی لائٹیں خراب ہونے کی وجہ سے رات کے اوقات میں ساحل پر تفریحی کے لیے آنے والی فیملیوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑاجب کہ ساحلی پٹی پر لائٹ بند ہونے کی وجہ سے شہریوں نے ساحل سمندر کے اطراف قائم ہوٹلوں کا رخ کیا،جس کی وجہ سے ہوٹل مالکان کی چاندی ہو گئی، مشاہدے میں آیا کہ رات کے وقت اندھیرے کی وجہ سے فیملیوں کے ساتھ آنے والی خواتین کو تنگ کرنے کے مقصد سے بڑی تعداد میں اوباش نوجوان ٹولیاں بنا کر گھومتے رہے اور خواتین کو تنگ کرنے میں بھی مصروف دکھائی دیئے جب کہ شہریوں کی جانب سے چوری اور لوٹ مار کی شکایات بھی کی گئیں ۔ شہریوں کا کہنا تھا کہ عید کی چھٹیوں میں سستی تفریح کی غرض سے ساحل سمندر آئے ہیں لیکن روشنی کا انتظام نہ ہونے کی وجہ سے خوف کی فضا قائم ہے جس کے باعث شہری مغرب سے قبل ہی واپس لوٹنے پر مجبور ہیں، عدنان کھچی نے ’’امت‘‘ کو بتایا کہ سی ویو انتظامیہ کی جانب سے لائٹ کا بند رکھنا شہریوں کے لئے پریشانی کا سبب بنا ہوا ہے،زوہیب کا کہنا تھا کہ سورج غروب ہوتے ہی منچلے نوجوانوں کی بڑی تعداد نے سی ویو کا رخ کیا جس کے باعث ساحل سمندر آنے والی فیملیوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ،یہاں اوباش اور منچلے نوجوان آوازیں کستے ہیں،خواتین کو ہراساں کرتے ہیں اور شہریوں کو قیمتی اشیاسے بھی محروم کر دیتے ہیں۔دریں اثنا عید کی چھٹیوں کے دوران کراچی اور بلوچستان کے مختلف علاقوں سے پکنگ منانے کے لیے آنے والوں کو گڈانی پولیس نے گڈانی کراس پر روک لیا ،جس پر سینکڑوں افراد نے کوئٹہ کراچی شاہراہ پر رکاوٹیں کھڑی کرکے شدید احتجاج کیاجس کے باعث ٹریفک جام ہوگیا۔ جبکہ پولیس ذرائع کے مطابق گزشتہ کافی عرصے سے ڈپٹی کمشنر لسبیلہ نے گڈانی ساحل پر پکنگ منانے پر دفعہ 144عائد کی ہے۔

Comments (0)
Add Comment