اننت ناگ میں بھارتی فوج سے جھڑپ میں کشمیری مجاہد شہید

لاہور(نمائندہ امت ) مقبوضہ کشمیر میں اننت ناگ کے علاقہ ککرناگ میں بھارتی فوج اور جیش محمد کے مجاہدین کے مابین شدید جھڑپ ہوئی جس میں ایک کشمیری مجاہدشہیدجبکہ تین مجاہد بھارتی فورسز کا گھیرا توڑ کر بحفاظت نکلنے میں کامیا ب ہو گئے ہیں۔کشمیری مجاہدکی شہادت کے بعد پورے ضلع میں احتجاجی ہڑتال کی جارہی ہے جبکہ بھارتی فوج نے اپنا نقصان ظاہر نہیں کیا ہے۔ امت کی رپورٹ کے مطابق اننت ناگ میں ہڑتال کی وجہ سے تمام کاروباری مراکز بند رہے جبکہ مقامی کشمیریوں نے بھارتی ریاستی دہشت گردی کیخلاف سخت احتجاج کیا ہے۔ بھارتی فورسز نے دعویٰ کیا ہے کہ جمعہ کی صبح کرناگ کے ماگرے پورہ گڈول علاقہ میں جھڑپ شروع ہوئی جو کئی گھنٹے تک جاری رہی۔ اس دوران کشمیری جہادی تنظیم جیش محمد سے وابستہ ایک مجاہد شہید ہو گیا۔ بھارتی فوج کی جانب سے احتجاجی مظاہروں کے پیش نظر پورے ضلع میں سخت سکیورٹی انتظاما ت کئے جارہے ہیں۔ بھارتی فوج پورے علاقہ کو گھیرے میں لیکر سرچ آپریشن جاری رکھے ہوئے ہے۔ ترال میں لوگ بھارتی فورسز اہلکاروں کی محاصرے اور تلاشی کی کارروائی کے خلاف سڑکوں پر نکل آئے اور شدید احتجا ج کیا۔بھارتی فورسز اہلکاروں نے مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے آنسو گیس کی شدید شیلنگ کی جس کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہو گئے۔ ریاستی انتظامیہ نے مسلسل تیسرے دن بھی مقبوضہ وادی میں ریل سروس معطل رکھی۔ ادھرحریت کانفرنس جموں کشمیر کے چیئرمین سید علی گیلانی، میرواعظ عمر فاروق اور محمد یاسین ملک نے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت والی دفعہ 35۔اے کو منسوخ کرنے کی بھارتی سازشوں کے خلاف 30اور 31اگست کو مقبوضہ کشمیر میں مکمل ہڑتال کی کال دی ہے۔ دریں اثنا بھارتی سپریم کورٹ نے آئین کی دفعہ 370کی منسوخی کے حوالے سے دائر ایک درخواست کی تاریخ سماعت بھی تبدیل کر دی ہے۔ دفعہ 370کے تحت جموں کشمیر کو خصوصی درجہ حاصل ہے۔

Comments (0)
Add Comment