کراچی (اسٹاف رپورٹر) عید پر 3فیکٹریاں اور ویئر ہاوس جل کر راکھ ہو گئے ۔جس کے نتیجے میں کروڑوں روپے کا مال اور مشینیں تباہ ہو گئیں۔فائر بریگیڈ حکام نےاسنارکل اور 30ٹینڈرز کی مدد سے آگ پر قابو پایا۔تفصیلات کے مطابق عید کی شب نیو کراچی انڈسٹریل ایریا میں دھاگہ فیکٹری میں لگی آگ نے تیز ہواؤں کے باعث فیکٹری کو مکمل طور پر اپنی لپیٹ میں لے لیا ۔ آگ کی شدت کو دیکھتے ہوئے شہر بھر سے فائر بریگیڈ کی گاڑیوں کو طلب کرلیا گیا تاہم آگ نے ملحقہ دھاگہ فیکٹری کو بھی لپیٹ میں لے لیا۔فائر بریگیڈ کی اسنار کل کے علاوہ 22گاڑیوں نے آگ بجھانے میں حصہ لیا۔جنہوں نے آگ پرساڑھے4گھنٹے کی جدو جہد کے بعد قابو پایا ۔فائر بریگیڈ ذرائع کے مطابق دھاگے کی چھوٹی فیکٹری مکمل راکھ ہو گئی جبکہ بڑی فیکٹری کو جزوی نقصان پہنچا۔ آگ سے کروڑوں روپے مالیت کی مشینری،کپڑا اور دھاگہ جل گیا۔دریں اثنا عید کے دوسرے روز شارع فیصل عوامی مرکز پر سپر اسٹور کے ویئر ہاؤس میں آگ لگ گئی جس سے ویئر ہاؤس اورتہہ خانے میں رکھا کروڑوں روپے کا سامان جل گیا،فائر بریگیڈ اور پاک بحریہ کی گاڑیوں نے 6 گھنٹوں کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پالیا،اطلاع ملنے پر فائر بریگیڈ کی گاڑیاں موقع پر پہنچ گئیں ،تاہم آگ کی شدت کے باعث فائر بریگیڈ کی مزید گاڑیاں طلب کرلی گئیں جبکہ پاک بحریہ کی گاڑیاں بھی جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں، آگ لگنے کے بعدرینجرز اور پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر جائے وقوعہ سےلوگوں کو ہٹایا۔ذرائع کے مطابق آگ لگنے سے تہہ خانے اور ویئر ہاؤس میں رکھا کروڑوں روپے کا سامان جل گیا۔